الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹر لسٹ میں ترمیم پر پارلیمنٹ میں بحث ہو، کانگریس

n01224780-b.jpg

کانگریس سمیت تمام اپوزیشن جماعتیں طویل عرصے سے الیکشن کمیشن پر سوال اٹھا رہی ہیں۔ بہار اسمبلی انتخاب سے قبل ریاست میں ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی (ایس آئی آر) معاملہ پر بھی اپوزیشن، الیکشن کمیشن پر حملہ آور ہے۔ اسی سلسلہ میں کانگریس کے رکن پارلیمنٹ گورو گوگوئی کا بیان سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی غیر جانبداری مشکوک ہے، یہی وجہ ہے کہ اپوزیشن جماعتیں پارلیمنٹ میں ووٹر لسٹ میں ترمیم پر بحث چاہتی ہیں۔ یہ باتیں انہوں نے کو کانگریس کی آسام یونٹ کی توسیعی ایگزیکٹو میٹنگ شروع ہونے سے قبل صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہیں۔

کانگریس لیڈر گورو گوگوئی نے کہا کہ آج لوگوں کے ذہن میں الیکشن کمیشن کی غیر جانبداری کے متعلق کئی طرح کے سوالات ہیں۔ اس لئے ہم پارلیمنٹ میں بحث چاہتے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ حکومت کچھ چھپانے کی کوشش کر رہی ہے، وہ کیا ہے، کیا یہ گزشتہ اسمبلی اور پارلیمانی انتخابوں میں ان کی ہیرا پھیری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عام لوگوں کو اپنے حق رائے دہی کی حیثیت اور پولنگ اسٹیشنوں کی تفصیلات معلوم ہونی چاہیئے، ہم اس پر بحث چاہتے ہیں لیکن حکومت کہہ رہی ہے کہ اس معاملہ پر بحث نہیں کی جا سکتی۔ ساتھ ہی انہوں نے زور دے کر کہا کہ اپوزیشن بہار میں جاری ایس آئی آر کے مسئلہ پر پارلیمنٹ میں کھلی بحث چاہتی ہے۔

اس سے قبل پارلیمنٹ میں حزب مخالف کے لیڈر راہل گاندھی سمیت کئی اپزویشن جماعتوں کے لیڈران نے اسپیکر اوم برلا کو خط لکھ کر بہار میں جاری ایس آئی آر پر بغیر کسی تاخیر کے ایک خصوصی بحث کی درخواست کی تھی۔ خط میں اپوزیشن جماعتوں نے بہار میں اسمبلی انتخاب سے کچھ ماہ قبل کئے جا رہے ایس آئی آر پر گہری تشویش کا اظہار کیا تھا۔ خط پر دستخط کرنے والوں میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے علاوہ کانگریس لیڈر گورو گوگوئی، ڈی ایم کے کے ٹی آر بالو، این سی پی (ایس پی) کی سپریہ سولے، آر ایس پی کے این کے پریم چندرن، ایس پے لال جی ورما، ٹی ایم سی کی کاکولی گھوش دستیدار، شیو سینا (یو بی ٹی) کے اروند ساونت اور آر جے ڈی کے ابھے کمار شامل تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے