آپریشن سندور پر مودی حکومت کی پالیسی ناکام رہی، راہل گاندھی

n01223757-b.jpg

پارلیمنٹ میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ اگر وزیراعظم نریندر مودی میں اندرا گاندھی کی 50 فیصد بھی ہمت ہے تو انہیں ایوان میں کہنا چاہیئے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ثالثی کا دعویٰ کرنے والے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جھوٹ بولا ہے۔ آپریشن سندور پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کانگریس کے سابق صدر نے یہ بھی الزام لگایا کہ طیاروں کا نقصان حکومت میں سیاسی عزم کی کمی کی وجہ سے ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر 29 بار کہہ چکے ہیں کہ انہوں نے جنگ بندی کرائی ہے، اگر وہ غلط ہیں تو وزیراعظم کو یہاں ایوان میں کہنا چاہیئے کہ ٹرمپ جھوٹ بول رہے ہیں، اگر وزیر اعظم میں اندرا گاندھی جیسی ہمت ہے تو وہ یہاں کہہ دیں کہ ٹرمپ جھوٹے ہیں۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ اگر وزیراعظم میں اندرا گاندھی کی 50 فیصد بھی ہمت ہے تو انہیں ٹرمپ کے بیان کو مسترد کر دینا چاہیئے۔ اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ پہلگام میں ایک بے رحم اور وحشیانہ حملہ کیا گیا جس کی منصوبہ بندی پاکستان نے کی تھی۔

راہل گاندھی نے کہا کہ اس ایوان میں موجود ہر فرد نے پاکستان کی مذمت کی، جیسے ہی آپریشن سندور شروع ہوا، تمام اپوزیشن جماعتوں نے فیصلہ کیا کہ ہم اپنی مسلح افواج اور بھارت کی منتخب حکومت کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہوں گے۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ اپوزیشن کے طور پر ہم اس طرح متحد رہے جس طرح ہمیں ہونا چاہیئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ جب ہم مسلح افواج کے لوگوں سے مصافحہ کرتے ہیں تو ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ وہ ہندوستانی فوج کا آدمی ہے، ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ وہ شیر ہے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ آپ شیر کو نہیں باندھ سکتے، دو الفاظ ہیں، ایک سیاسی مرضی اور دوسرا آپریشن کی مکمل آزادی۔

بھارتی وزیر دفاع کی تقریر کے ایک حصے کا حوالہ دیتے ہوئے راہل گاندھی نے دعویٰ کیا کہ بھارتی حکومت نے پاکستانی حکومت کو آگاہ کیا کہ ہمارے پاس سیاسی ارادہ نہیں ہے، ہم نہیں لڑیں گے، یعنی 35 منٹ میں ہتھیار ڈال دیے گئے۔ ایک افسر کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت نے ہمارے پائلٹ کو کہا کہ وہ پاکستان کے فضائی دفاعی نظام پر حملہ نہ کرے، اس کا مطلب ہے کہ پائلٹ کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے۔ راہل گاندھی نے کہا کہ بھارتی فضائیہ نے کوئی غلطی نہیں کی، غلطی سیاسی قیادت سے ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ ایئر فورس کو کسی بھی طرح ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔ کانگریس لیڈر نے دعویٰ کیا کہ حکومتی سطح پر اس مشق کا مقصد وزیراعظم کی شبیہ کو بچانا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے