کراچی میں رہائشی عمارت منہدم ہونے کی ابتدائی رپورٹ سامنے آگئی

n01218708-b.jpg

شہر قائد کے علاقے لیاری میں رہائشی عمارت منہدم ہونے کی ابتدائی رپورٹ سامنے آ گئی۔ تفصیلات کے مطابق لیاری کے علاقے بغدادی میں رہائشی عمارت منہدم ہونے کے واقعے کی ابتدائی رپورٹ تیار کرلی گئی، جو ریسکیو 1122 کی جانب سے مرتب کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق عمارت منہدم ہونے کی اطلاع صبح 10:53 پر سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول  کو موصول ہوئی، جس کے بعد ریسکیو 1122 کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم بمع ڈیزاسٹر رسپانس وہیکل جائے وقوع پر پہنچ گئی۔ مجموعی طور پر ریسکیو 1122 کی 5 ڈیزاسٹر رسپانس وہیکلز، ا2 سنارکل اور متعدد  ایمبولینسز جائے وقوع پر موجود ہیں اور متعلقہ اداروں سے رابطہ قائم کرکے کرینز اور لفٹر بھی جائے وقوع پر پہنچائے گئے۔

علاوہ ازیں ریسکیو 1122 کے 100 سے زائد اہلکار بھی جائے وقوع پر موجود ہیں۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ لوگوں کے ہجوم اور نیٹ ورک بندش کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔ اب تک 7 افراد جاں بحق اور 8 زخمیوں کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔ ریسکیو 1122 کی ایمبولینس میں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں ملبے سے مزید افراد نکالنے کا عمل تاحال جاری ہے۔ کلیئر ہونے تک کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ ٹیم تمام ممکنہ وسائل کو بروئے کار لا کر صورتحال پر قابو پانے کی مکمل کوشش کر رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے