کراچی، لیاری میں 5 منزلہ عمارت گر گئی، 4 افراد جاں بحق، ریسکیو آپریشن جاری

n01218697-b.jpg

کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں 5 منزلہ عمارت گر گئی، جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ عمارت کے ملبے تلے پھنسے لوگوں کو نکالنے کےلیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق عمارت کے ملبے سے 4 لاشیں نکالی گئی ہیں جبکہ 6 افراد کو زخمی حالت میں نکالا گیا ہے، زخمیوں میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔ اسپتال حکام کے مطابق ایک زخمی کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 5 زخمیوں کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ ہیوی مشینری کی مدد سے عمارت کے ملبے کو ہٹایا جارہا ہے، متاثرہ عمارت کے ساتھ موجود 7 منزلہ عمارت کو خالی کروا دیا گیا جبکہ ملبے کے قریب جمع لوگوں کو ہٹانے کے لیے پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اس عمارت میں 6 خاندان رہائش پذیر تھے۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ اس عمارت کو کسی قسم کا نوٹس نہیں دیا گیا تھا۔

وزیراعلیٰ نے واقعے کا نوٹس لے لیا، رپورٹ طلب
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری رپورٹ طلب کرلی۔ ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کو عمارت گرنے کے بعد ریسکیو آپریشن کے بارے میں بریفنگ بھی دی گئی، جبکہ ایس بی سی اے سے بوسیدہ عمارتوں کی فوری تفصیلات طلب کرلی گئی ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ خطرناک عمارتوں کی فوری نشاندہی کی جائے۔ غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں، انسانی جانوں کا تحفظ ترجیح ہے۔

وزیر بلدیات کی فوری ریسکیو کام مکمل کرنے کی ہدایت
ترجمان وزارت بلدیات سندھ کا کہنا ہے کہ وزیر بلدیات سعید غنی نے ریسکیو کا عمل جلد از جلد مکمل کرنے اور عمارت میں پھنسے افراد کو باہر نکالنے کی ہدایت کردی۔ سعید غنی کا کہنا تھا کہ عمارت کے اطراف رکاوٹوں کو دور کرکے ریسکیو آپریشن تیز کیا جاہے، عمارت گرنے کی وجوہات کی فوری رپورٹ پیش کی جائے۔ ادھر عمارت گرنے کے واقعے کی تحقیقات کے لیے محکمہ بلدیات نے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کردی ہے جو 3 دن کے اندر کوتاہی برتنے والے افسران کی نشاندہی کرے گی۔ ترجمان کے مطابق وزیر بلدیات نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے متعلقہ افسران کو معطل کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے