بلوچستان، سڑکوں کے معیار اور دیکھ بال کیلئے مصنوعی زہانت کے استعمال پر غور

حکومت بلوچستان کی جانب سے سڑکوں کے معیار اور دیکھ بال کے لئے مصنوعی زہانت کا استعمال کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت محکمہ مواصلات و تعمیرات کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں سڑکوں کے معیار اور دیکھ بھال کے لئے مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید نظام پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے دوران وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ اے آئی بیسڈ سسٹم کے ذریعے بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں سڑکوں کی حالت کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ ممکن ہو سکے گی، جس سے وقت اور وسائل دونوں کی بچت ممکن ہوگی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے پسماندہ علاقوں میں سڑکوں کی حالت ایک بڑا چیلنج ہے اور عوام کو روزمرہ نقل و حرکت میں سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ روایتی نگرانی کے طریقہ کار کی بجائے جدید اور اسمارٹ حل اپنائے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مصنوعی ذہانت کے مؤثر استعمال سے نہ صرف ترقیاتی منصوبوں کی شفاف نگرانی ممکن ہوگی، بلکہ مالی وسائل کے ضیاع کو بھی روکا جا سکے گا۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ سڑکوں کے معیار، پائیداری اور تکمیل کی مدت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ہر منصوبہ زمینی حقائق کے مطابق مکمل ہو۔ مجوزہ اے آئی سسٹم کے نفاذ سے قبل مزید مشاورت کے بعد اس پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔