ایم کیو ایم کے وفد کی سابق وفاقی وزیر حاجی حنیف طیب سے ملاقات

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکزی رہنما و سابق صوبائی وزیر اوقاف و نگراں وزیر مذہبی امور عبدالحسیب کی قیادت میں وفد نے محرم الحرام کی آمد کے سلسلے میں چیئرمین نظام مصطفی پارٹی سابق وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر حاجی محمد حنیف طیب سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات اور عیادت کی۔ وفد میں مرکزی رہنما اشرف علی اور انچارج مذہبی امور کمیٹی حاجی ناصر یامین و دیگر اراکین بھی شامل تھے۔ ملاقات میں رہنماؤں نے ڈاکٹر حاجی محمد حنیف طیب کی کامل شفایابی کیلئے دعا کی اور محرم الحرام میں مذہبی ہم آہنگی اور امن امان قائم رکھنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
ڈاکٹر حاجی محمد حنیف طیب نے کہا کہ محرم الحرام میں قیام امن اور ملکی سلامتی، ترقی و خوشحالی کیلئے ایک دوسرے کا احترام کرتے ہوئے سب کو متحد ہوکر اپنی اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی ضرورت ہے، محرم الحرم میں حضرت عمر فاروق اور نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کی نسبت سے ہونے والے جلوس اور تقریبات کے پرامن انعقاد کیلئے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات اور پانی، بجلی، گیس جیسے بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا حکومت اور انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں ہونا چاہیئے۔