کراچی میں ایک گھنٹے کے دوران 2 بار زلزلے کے جھٹکے، شدت 3.5 ریکارڈ کی گئی

کراچی کے مشرقی علاقوں میں ایک گھنٹے کے دوران 2 بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جس کی شدت 3.5 ریکارڈ کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق چند روز کے وقفے کے بعد کراچی میں ایک بار پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس سے شہریوں میں ایک بار پھر سے خوف وہراس پھیل گیا اور وہ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔ کراچی کے مشرقی علاقوں میں 3 بجکر 54 منٹ پر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 3.5 ریکارڈ کی گئی ہے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق اس زلزلے کی گہرائی 5.6 کلومیٹر تھی جب کہ زلزلے کا مرکز ملیر کے شمال مغرب میں بتایا گیا ہے، تاہم زلزلے کے جھٹکے مختصر دورانیے کے تھے جس سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔