پارٹی قوائد کی خلاف ورزی پر بی این پی کے ایم پی اے جہانزیب مینگل کو شوکاز نوٹس جاری

بلوچستان نیشنل پارٹی نے بلوچستان اسمبلی کے رکن جہانزیب مینگل کو پارٹی قوائد کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 15 دنوں میں جواب طلب کر لیا۔ بی این پی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری ملک نصیر شاہوانی کی جانب سے جاری ہونے والے شوکاز نوٹس میں کہا گیا کہ جہانزیب مینگل نے بی این پی کے رکن اسمبلی کی حیثیت سے صوبائی اسمبلی میں موثر آواز بلند نہیں کیا۔ پارٹی کے اجلاسوں میں غیر حاضر رہیں، جبکہ پارٹی سے مشاورت کے بغیر حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ نوٹس کے مطابق 15 یوم کے اندر تحریری جواب ارسال نہ کرنے کی صورت میں جہانزیب مینگل کے خلاف یکطرفہ کارروائی ہوگی۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں کوئٹہ میں منعقد ہونے والے حکومتی جرگے میں جہانزیب مینگل بھی شریک ہوئے تھے، جس کے باعث بی این پی کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔