بلوچستان، سکیورٹی فورسز کی مختلف کارروائیوں میں 7 مبینہ دہشتگرد ہلاک

سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 7 مبینہ دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خفیہ اطلاع کی بنیاد پر مچھ کے علاقے کچھی میں کارروائی کی گئی۔ جس میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔ اس دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں 5 مبینہ دہشتگرد مارے گئے۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دوسرا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن قلات کے علاقے مارگند میں کیا گیا۔ جہاں "فتنہ الہندوستان” کے ایک ٹھکانے کو تباہ کیا گیا۔ جس میں 2 مبینہ دہشتگرد بھی مارے گئے۔ ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔ بیان کے مطابق یہ دہشتگرد مختلف دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے تھے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں بھارتی پراکسی "فتنہ الہندوستان” سے تعلق رکھنے والے دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کے سکیورٹی ادارے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کےخاتمے کے لئے پرعزم ہیں۔ بھارتی پشت پناہی میں ہونے والی دہشتگردی کے مجرموں اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔