اگلا ہدف!

22 اپریل 2025 کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں پہلگام کے قریب بیسارن گھاس کے میدان میں ایک دہشت گرد حملے میں 28 سیاح ہلاک اور 20 سے زائد لوگ زخمی ہو گئے تھے۔ ایک ماہ سے زائد عرصہ گزر گیا لیکن مودی حکومت نے پہلگام سانحے کی تحقیقات کر کے حقائق دنیا کے سامنے لانے کی آج تک کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی۔
الٹا مودی سرکار، اس کے متعصب میڈیا، وزرا اور سفارت کاروں نے پہلگام واقعے کو بنیاد بنا کر پاکستان پر بے بنیاد، من گھڑت، جھوٹے اور روایتی دہشت گردی کے الزامات لگا کر جنگی ماحول بنایا اور 7 مئی کو پاکستان کے مختلف شہری علاقوں پر میزائل حملہ کردیا جس کے نتیجے میں مسجد بھی شہید ہو گئی اور متعدد شہری بھی۔ پاکستان کے جوابی حملے میں بھارتی فضائیہ کا غرور 3 رافیل طیاروں سمیت 6 طیارے مار گرائے گئے۔
توقع تھی کہ بھارت کو کرارا جواب ملنے کے بعد وہ مزید غلط فہمی کا شکار ہو کر کوئی جارحانہ حرکت نہیں کرے گا لیکن جنگی جنون میں مبتلا مودی سرکار نے 8 اور 9 مئی کو ڈرونز حملوں سے پاکستان کو خوف زدہ کرنے کی ایک مرتبہ پھر ناکام کوشش کی جسے پاکستان نے بری طرح ناکام بنا دیا۔ بھارت کو اپنی ڈرونز شکست ہضم نہ ہوئی تو اس نے پاکستان کی اہم ایئربیس کو نشانہ بنایا۔ اب پاکستان پر لازم ہوگیا تھا کہ مودی کو بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے۔
10 مئی کی علی الصبح پاک فوج کے سپہ سالار اعظم فیلڈ مارشل عاصم منیر نے آخری وار کا فیصلہ کیا اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مشاورت سے فضائیہ کے دلیر، نڈر، بہادر ہوا بازوں نے بھارت کے اہم ترین ایئر بیسز سسٹم کو نشانہ بنا کر ایسا تباہ کیا کہ وہ نشان عبرت بن گئے۔ مودی حکومت پاکستان کے اس کاری وار کو برداشت نہ کر سکی اور جنگ بندی کے لیے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوگئی، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مداخلت پر 10 مئی کو پاک بھارت جنگ بند ہوگئی۔
چار روز کی اس روایتی جنگ میں پاکستان نے اپنے سے چار گنا بڑے دشمن بھارت پر اپنی برتری ثابت کر دی جسے دنیا بھر کے ذرایع ابلاغ میں نمایاں طور پر شایع اور تسلیم کیا گیا۔ پاکستان ایئرفورس کے ہوا بازوں کی صلاحیتوں اور فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر کی قائدانہ جنگی مہارت کو پوری دنیا میں سراہا جا رہا ہے۔ جنگ کے آغاز سے قبل پاکستان کی پہلگام واقعہ کی غیر جانبدارانہ عالمی تحقیقات کرانے کی پیشکش کا آج تک کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
الٹا جنگی میدان میں عبرت ناک و شرم ناک شکست کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور بھارت کا متعصب میڈیا پاکستان کے خلاف زہریلا پروپیگنڈا امیج چلا کر پاکستان کو ایک دہشت گرد ریاست قرار دلوانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ایک برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق بھارت مالیاتی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والے عالمی ادارے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے لسٹ میں پاکستان کو دوبارہ شامل کرانے کی کوشش کر رہا ہے۔
بھارت نے آئی ایم ایف پر بھی دباؤ ڈالا تھا کہ وہ پاکستان کو اگلی قسط جاری نہ کر سکے لیکن اسے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور آئی ایم ایف نے نہ صرف قسط جاری کی بلکہ پاکستان کے جاری معاشی اقدامات پر بھی اظہار اطمینان کیا۔ بھارت کا اگلا ٹارگٹ پاکستان کو عالمی بینک کی فنڈنگ رکوانا ہے۔مقام اطمینان کہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت بھارت کے ہر اقدام اور جنون کا جواب دینے کے لیے پوری طرح مستعد اور تیار ہے۔ اس حوالے سے چار روز پیشتر ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے وفاقی سیکریٹری داخلہ خرم آغا کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں ناقابل تردید دستاویز اور آڈیو وڈیو ٹھوس ثبوت و شواہد کے ساتھ بھارت کے امریکا اور کینیڈا اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں منظم طریقے سے دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کے حقائق پیش کر کے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔
سیکریٹری داخلہ نے واضح طور پرکہا ہے کہ جس طرح سانحہ اے پی ایس کے بعد آپریشن ضرب عضب شروع کیا گیا بعینہ آج کے فتنہ الہندوستان کے خلاف بھی آپریشن شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے صاف لفظوں میں دنیا کو بتا دیا ہے کہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج نے باہم پاکستان میں دہشت گردی کے لیے گٹھ جوڑ کر رکھا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر نے پاک بھارت حالیہ جنگ کے پورے دورانیے میں جس ذمے داری، مستعدی، مہارت اور ٹھوس ثبوت و شواہد کے ساتھ دبنگ لب و لہجے میں میڈیا کے محاذ پر وطن عزیز کا مقدمہ لڑا اور بھارت کا مکروہ کردار بے نقاب کیا وہ قابل ستائش ہے۔
21 ویں صدی میں میڈیا کے طاقت ور کردار سے انکار ممکن نہیں۔ اسی تناظر میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے صدر، وزیر اعظم اور سیاسی قیادت کو دیے گئے عشائیے میں بجاطور پر کہا کہ بھارتی پروپیگنڈے کے خلاف میڈیا اور نوجوان فولادی دیوار ثابت ہوئے۔
فیلڈ مارشل نے معرکہ حق کے دوران سیاسی قیادت کی دور اندیشی، عوام کی ثابت قدمی و حب الوطنی، مسلح افواج کی جرأت اور قربانیوں، ایئر سروسز کوآرڈینیشن، ملکی سفارت کاروں، سائنس دانوں اور انجینئروں کو زبردست خراج تحسین پیش کرکے ان سب کی کارکردگی کو خوب سراہا جو بجا طور پر اس کے مستحق ہیں۔ ہمارا اگلا ہدف فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے گٹھ جوڑ کو توڑنا اور کے پی کے و بلوچستان سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرنا ہے۔