فیصل آباد سے کراچی آنیوالی 10 سالہ بچی ٹرین سے اغوا

فیصل آباد سے بذریعہ ٹرین کراچی آنے والی 10 سالہ عنایہ نامی بچی کو کراچی پہنچنے سے قبل مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق دس سالہ بچی کے اغوا کا واقعہ 28 مئی کو پیش آیا اور اُس کے بعد سے کوئی سراغ نہیں ملا۔ مغوی بچی کی والدہ شگفتہ بی بی کے مطابق، وہ تین بچوں کے ہمراہ شالیمار ایکسپریس کے ذریعے سفر کر رہی تھیں۔ سکھر اسٹیشن کے قریب انہیں اور بڑی بیٹی کو ساتھ موجود دیگر مسافروں نے لسی پلائی، جس کے باعث انہیں نیند آ گئی۔ خاتون کے مطابق جب لانڈھی اسٹیشن پہنچنے سے قبل آنکھ کھلی تو عنایہ اپنی جگہ پر موجود نہیں تھی اور کیبن میں ساتھ سفر کرنے والے افراد بھی غائب تھے۔ ایس ایچ او تھانہ کینٹ اسٹیشن اصغر بروہی کے مطابق والدہ کی جانب سے اطلاع دینے پر ٹرین میں موجود پولیس اہلکاروں نے ٹرین میں والدہ کے ہمراہ بچی کو تلاش کیا لیکن کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔
پولیس نے ریلوے حکام سے کیبن میں سفر کرنے والے دیگر افراد کی تفصیلات حاصل کرلی ہیں۔ پولیس نے فاروق نامی شخص سے رابطہ کیا تھا، جو کیبن میں خواتین کے ہمراہ سفر کر رہا تھا، تاہم رابطے کے بعد سے اس کا موبائل نمبر بند ہے۔ کراچی کے کینٹ اسٹیشن تھانے میں والدہ کی مدعیت میں اغوا کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، تاہم بچی کے اغوا ہوئے چار روز گزر چکے ہیں، لیکن ابھی تک کوئی سراغ نہیں ملا۔ متاثرہ کی والدہ شگفتہ بی بی نے حکام سے درخواست کی ہے کہ اس واقعے کی فوری تحقیقات کی جائیں، تاکہ ان کی گمشدہ بچی کو جلد از جلد بازیاب کیا جا سکے