فارم 47 کے نتیجے میں مسلط وفاقی حکومت کے پی کے عوام کو مسلسل نظرانداز کررہی ہے، عبدالواسع

امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا وسطی عبدالواسع نے کہا ہے کہ گرمی میں اضافے کے ساتھ ہی حکومت نے خیبر پختونخوا کے طول و عرض میں ناروا لوڈشیڈنگ کا نہ ختم ہونے والے سلسلے میں بھی اضافہ کردیا ہے، اس وقت تحصیل تحت بھائی اور ضلع مردان بھر میں 14 گھنٹے ناروا لوڈشیڈنگ روز کا معمول بن چکا ہے۔ جماعت اسلامی کے صوبائی ہیڈکوارٹر مرکز اسلامی پشاور میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت نون لیگ اور پیپلزپارٹی مرکز میں جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبہ خیبر پختونخوا میں گزشتہ 13 سالوں سے مسلسل تیسری حکومت قائم ہے لیکن ان جماعتوں کی ترجیحات میں عوام کو بنیادی سہولیات زندگی کی فراہمی دور دور تک نظر نہیں آرہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں تاریخ کی بدترین کرپشن زور وشور سے جاری ہے اور عوام بدامنی، بڑھتی ہوئی مہنگائی کے ساتھ ساتھ شدید گرمی کے اس موسم میں 14 گھنٹے کی غیراعلانیہ ناروا لوڈ شیڈنگ سے دوچار ہیں جبکہ دوسری طرف آئے روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سمیت بجلی، گیس اور دیگر یوٹیلٹی بلز میں اضافے کی صورت میں حکمران طبقہ عوام کے زخموں پر نمک پاشی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ایک طرف ملک پر فارم 47 کے نتیجے میں مسلط وفاقی حکومت صوبے کے عوام کو مسلسل نظرانداز کررہی ہے اور صوبے کو اس کے آئینی حقوق سے محروم رکھا ہے جبکہ دوسری طرف گزشتہ 13 سالوں سے تبدیلی اور انصاف کے نام پر برسراقتدار صوبائی حکومت کی ترجیحات میں بھی عوام کو ریلیف کی فراہمی دور دور تک نظر نہیں آرہی۔