عید کے دوران ٹرانسپورٹ کرایوں کی شکایات کے ازالے کیلئے حکومتِ سندھ کا اہم اقدام

حکومتِ سندھ نے عیدالاضحیٰ کے دوران ٹرانسپورٹ کرایوں کی شکایات کے ازالے کیلئے اہم اقدام کرتے ہوئے صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی سندھ، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز اور ضلعی ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز کے تمام افسران اور عملے کی تعطیلات منسوخ کر دی ہیں۔ حکومت کی جانب سے کہا گیا ہے کہ فیلڈ افسران کی جانب سے بروقت ردعمل نہ ملنے پر عوام ڈپٹی سیکریٹری ٹرانسپورٹ سے موبائل نمبر 03462522641 پر براہ راست رابطہ کر سکتے ہیں۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اضافی کرایوں کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے تمام متعلقہ افسران عید کی چھٹیوں کے دوران اپنی ڈیوٹی پر موجود ہوں گے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ عید کے موقع پر لاکھوں شہری سفر کرتے ہیں، ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم ان کی سہولت کو ترجیح دیں، متعلقہ افسران اور اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں، تاکہ عوام کو ٹرانسپورٹ کرایوں میں کسی قسم کی زیادتی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی کہ وہ عید کے موقع پر عوام کی مجبوری کا فائدہ اٹھائے، جو بھی پبلک ٹرانسپورٹ میں اضافی کرایہ وصول کرتا ہوا پایا گیا، اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عوام سرکاری مقرر کردہ کرایوں سے زیادہ ادائیگی نہ کریں، اضافی کرایہ لینے والوں سے متعلق فوری طور افسران کو آگاہ کریں۔