سوراب میں کلئیرنس آپریشن جاری ہے، ترجمان شاہد رند

حکومت بلوچستان کے ترجمان شاہد رند نے بلوچستان کے شہر سوراب میں بینک اور انتظامی آفیسر کی رہائش گاہ پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حملہ ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے کی ایک مذموم کوشش ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ سسوراب بازار میں دہشت گردوں نے بینک لوٹ لیا، جبکہ مختلف سرکاری افسران کے گھر بھی نذرآتش کئے۔ حملے کے دوران اے ڈی سی ریونیو ہدایت بلیدی نے دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ وطن کے اس سپاہی نے جان کا نذرانہ دے کر بہادری کی نئی مثال قائم کی۔ شاہد رند نے کہا کہ اے ڈی سی کی رہائشگاہ پر اس وقت خواتین اور بچے بھی موجود تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پوری کارروائی میں ہندوستان کی پراکسیز ملوث ہیں۔ جنہوں نے اپنے آقاؤں کی ایماء پر یہ حملہ کیا۔ ترجمان نے کہا کہ ریاست دشمن عناصر کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کا عزم کیا گیا ہے۔ علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ ایف سی، پولیس اور لیویز فورسز موقع پر پہنچ چکی ہیں اور کلیئرنس آپریشن بھی جاری ہے