جولائی تا ستمبر، معمول سے زیادہ مون سون بارشیں متوقع

ڈی جی محکمہ موسمیات مہر صاحبزادہ نے جولائی سے ستمبر تک مون سون بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے وسطی اور جنوبی علاقوں، شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر میں معمول سے زیادہ بارشیں متوقع ہیں۔ ڈی جی محکمہ موسمیات مہر صاحبزاد نے مون سون پریس بریفنگ میں بتایا کہ شمالی علاقہ جات، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں معمول سے کم بارشیں ہوں گی، جولائی سے ستمبر میں درجہ حرارت ملک بھر میں معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں میں انتہائی سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، دریاؤں، ندی نالوں میں طغیانی کی صورتحال کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق موسلادھار بارشوں کی وجہ سے سندھ، پنجاب، آزاد جموں کشمیر، خیبر پختونخوا کے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ ڈی جی محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی اور ضلعی سطحوں پر ایمرجنسی آپریشن سینٹرز کو فعال کرنے کی ضرورت ہے، مون سون کے دوران متاثرہ علاقوں میں ریسکیو ٹیموں کی تعیناتی کی ضرورت ہے۔ مہر صاحبزادہ نے کہا کہ بارشوں کے دوران لاہور، راولپنڈی، کراچی، گوجرانوالہ میں بھی اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔