مودی کو شکست نے حواس باختہ کردیا ہے، مودی کی فرسٹریشن بھارت کو مزید تباہ کرے گی، لیاقت بلوچ

جنرل سیکرٹری ملی یکجہتی کونسل پاکستان و نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان کے وجود پر حملہ ہوا جس کا افواج پاکستان نے منہ توڑ جواب دیا، مودی جو اسرائیل کے ساتھ مل کر جھوٹا پروپیگینڈا پھیلا رہا تھا اس میں ناکام ہوا، نریندر مودی کو شکست نے حواس باختہ کردیا ہے، مودی کی فرسٹریشن بھارت کو مزید تباہ کرے گی، بھارت جِس بدترین شکست سے دوچار ہوا، اِس سے عالمی، علاقائی اور ملکی اندرونی محاذ پر اس کا غرور اور بالادستی کا ڈھونگ چکنا چور ہوگیا ہے، بھارتی اقلیتوں بالخصوص مساجد، مدارس کی مسماری، اذان جیسے پرامن مقدس دینی عمل پر پابندی نے اسے اللہ کے غیض و غضب کا شکار کرکے نشانِ عبرت بنایا ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھی حقِ خودارادیت کے حصول کی تحریک نئے دور میں داخل ہوگی، بیرونِ ملک دوروں کے لیے تشکیل دیے گئے وفود کو مضبوط قومی حکمتِ عملی اور بیانیہ سے مسلح کیا جائے تاکہ دنیا کے سامنے پاکستان کا مقدمہ پوری جرآت اور دلائل کی طاقت کیساتھ پیش کیا جاسکے بیرونی دورے پاکستان کے لیے مفید ہونگے، بھارتی چہرہ بے نقاب ہوگا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ملی یکجہتی کونسل جنوبی پنجاب کے زیراہتمام منعقدہ دفاع پاکستان سیمینار کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر قاری حنیف جالندھری صدر وفاق المدارس پاکستان، ثنااللہ سہرانی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی جنوبی پنجاب، صہیب عمار صدیقی امیر جماعت اسلامی ملتان، محمد ایوب مغل جنرل سیکرٹری ملی یکجہتی کونسل جنوبی پنجاب، رہنما اہلحدیث یوتھ فورس ضلع ملتان کے صدر قاری ہدایت اللہ رحمانی، بشارت عباس قریشی، فضل حبیب ہارونی، یونس سیالوی، خالد فاروقی، علامہ طارق ہاشمی، علامہ عبدالمجید، سلیم صدیقی، اشفاق سعیدی، عبد الحق مجاہد، مجاہد عباس گردیزی، مفتی ممتاز، راو عارف رضوی، رفیع رضا ایڈووکیٹ اور دیگر علماکرام موجود تھے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ بھارتی جارحانہ، توہین آمیز، آمرانہ اقدامات کے مقابلہ میں پاکستان کے اقدامات جرآت مندانہ ہیں، بھارت انسانی اور منشیات کی سمگلنگ کا سب سے بڑا مرکز ہے، بھارتی ٹریول ایجنسیز مالکان/سفارت کاروں کو انسانی اسمگلنگ میں ملوث قرار دے کر یہ بات اب خود امریکہ نے بھی تسلیم کرلی ہے، انڈیا امریکہ کو بند، مایوسی کی آنکھیں دِکھا رہا ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ امریکہ کو احساس ہوجانا چاہیے کہ انڈیا اور اسرائیل کی سرپرستی ناجائز ہے، اسرائیل کے ناجائز وجود کو تسلیم کرانے کے لیے ٹرمپ 2 ارب مسلمانوں کی ناراضگی اور نفرت کی تجارت نہ کریں، اسرائیل کا غزہ پر ناجائز قبضہ اسرائیل کے ناجائز وجود کو اور زیادہ متنازع بنادے گا، فلسطین اور جموں و کشمیر کی آزادی سے دنیا میں امن آئے گا اور آزاد ممالک کی آزادی کے تحفظ کو تقویت ملے گی، انڈیا مکار دشمن ہے نریندر مودی زخمی ہیں اور اس کی سیاست ڈوب رہی ہے اب پہلگام کے واقعہ کے بعد پاکستان پر حملے کی صورت میں انڈیا کو ذلت کا سامنا کرنا پڑا ہے اور ہم یہ سمجھیں کہ وہ آرام سے برداشت کر لے گا تو یہ ہماری غلط فہمی ہے، اسی لیے آپ دیکھیں کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے معاملات تیز کر دئیے گئے ہیں۔