علی امین گنڈاپور کا اسلحہ سے متعلق بیان کھلی بغاوت کے مترادف ہے، فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کا اسلحہ سے متعلق بیان کھلی بغاوت کے مترادف ہے، گورنر کے پی ریاست کے خلاف بات کرنے والا عوامی نمائندگی کا اہل نہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ریاستی اداروں کے خلاف بیان قابلِ گرفت ہے، کارروائی ہونی چاہئے، علی امین گنڈاپور کی زبان ریاستی وحدت اور آئین کے خلاف ہے، افغان مہاجرین کی واپسی پر بھی وزیراعلیٰ نے گندی سیاست کی۔ گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ پاک فوج کی فتح پر سوشل میڈیا پر مہمات کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں پناہ ملتی ہے، پُرامن مظاہرین پر لاٹھی چارج اور شیلنگ فسطائیت کی بدترین مثال ہے، پشاور میں احتجاج پر حملہ بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا علی بابا چالیس چوروں کے قبضے میں ہے، کوہستان میں 40 ارب روپے کا سکینڈل آیا، کوئی انکوائری نہیں، سولر منصوبے کرپشن کا گڑھ بن چکے ہیں، کوئی جوابدہی نہیں۔ گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ گریڈ 4 کی نوکریاں برائے فروخت، اساتذہ کے ٹیسٹ وزیروں کے گھروں میں، ایسی حکومت آئینی اور عوامی اعتماد کھو چکی ہے، ریاست پاکستان ناقابلِ تقسیم ہے، قانون سے کوئی بالاتر نہیں۔