آج کے دن پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہو گیا، حاجی گلبر خان

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے 28 مئی یوم تکبیر کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ یوم تکبیر ہماری قومی تاریخ کا وہ سنہرا دِن ہے جس دِن پاکستان عالم اسلام کی پہلی ایٹمی قوت کے طور پر اُبھرا۔ یہ وہ دِن ہے جس دِن پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہو گیا اور جنوبی ایشیاء میں طاقت کا توازن قائم ہو گیا۔ 11 مئی 1998ء کو بھارتی ایٹمی دھماکوں نے جہاں ہمسایہ ملک کے جارحانہ عزائم کو مکمل طور پر بے نقاب کر دیا وہاں خطے میں طاقت کے توازن اور امن کو بھی شدید دھچکا پہنچا۔ وطنِ عزیز کے دفاع اور سلامتی کا تقاضہ تھا کہ تمام تر مصلحتوں اور دباؤ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملکی مفاد کے پیش نظر مشکل فیصلے کئے جائیں۔ یوم تکبیر ہمیں موقع فراہم کرتا ہے کہ اس دن ہم پاکستان کے دفاع اور سلامتی کے عہد کی تجدید کریں۔ یہ دن اس عہد کی تجدید کا بھی لمحہ ہے کہ ہم ملکی سالمیت اور تعمیر و ترقی کے فیصلوں میں ہمیشہ قومی مفاد کو مدنظر رکھیں۔ امید ہے کہ اللہ تعالیٰ کی نصرت اور عوام کی تائید سے پاکستان کو ناقابلِ تسخیر بنانے اور اسے ترقی یافتہ ملکوں کی صف میں لانے کا سفر جاری و ساری رہے گا۔