خیبر پختونخوا لُو چلنے کے ساتھ شدید گرمی کی لپیٹ میں؛ درجہ حرارت 46 ڈگری تک ریکارڈ

khi-hot-weather1741674754-0-600x450.webp

صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع شدید گرمی کی لپیٹ میں آ چکے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ صوبے کے میدانی اور جنوبی اضلاع میں نہ صرف گرمی کی شدت برقرار رہے گی بلکہ لو چلنے کا سلسلہ بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔

پشاور اور ڈیرہ اسماعیل خان میں درجہ حرارت سب سے زیادہ ریکارڈ کیا گیا، جہاں پارہ 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، جو رواں سیزن کا اب تک کا بلند ترین درجہ حرارت ہے۔

پشاور ایئرپورٹ کے اطراف کا علاقہ بھی شدید گرمی سے محفوظ نہ رہ سکا، جہاں درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اسی طرح تخت بھائی میں پارہ 42 ڈگری تک جا پہنچا، جبکہ سیدو شریف سوات میں بھی گرمی کا زور رہا اور درجہ حرارت 40 ڈگری رہا۔

چترال کا موسم نسبتاً خوشگوار رہا، جہاں درجہ حرارت 36 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، تاہم دیر کا درجہ حرارت 37 جب کہ تیمرگرہ لوئر دیر میں 42 ڈگری تک ریکارڈ کیا گیا۔

بالاکوٹ اور دروش (چترال لوئر) میں گرمی کا اثر نمایاں رہا اور دونوں علاقوں میں درجہ حرارت 38 ڈگری تک جا پہنچا۔ اُدھر کالام میں موسم نسبتاً معتدل رہا، جہاں درجہ حرارت 32 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کاکول میں درجہ حرارت 36 ڈگری رہا۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ اگلے چند دن مزید گرم رہنے کی توقع ہے، اس لیے دھوپ سے بچاؤ اور پانی کا زیادہ استعمال ضروری ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے