بھارت پاکستان میں دہشتگردی کے مکروہ واقعات میں ملوث ہے، راجہ فاروق

n01210288-b.jpg

سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل کا اعزاز قوم کی جانب سے سپہ سالار کو بہادری اور دلیری کا مظاہرہ کرنے پر تحفہ ہے۔ بھارت پاکستان میں دہشتگردی کے مکروہ واقعات میں ملوث ہے، یہاں کے شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کرا رہا ہے، سندھ میں نظامانی صاحب کا قتل کرایا گیا، پاکستان سے شکست کے بعد بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قانون ساز اسمبلی میں قراردادوں پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ بھارت کی فوج بی جے پی کے انتہا پسندوں کا مرکز ہے، گائے کا بچھڑا بھی اس کا دودھ پیتا ہے پیشاب نہیں پیتا، بھارت کا وزیراعظم متعصب ہندو ہے، بھارت کے ساتھ جنگ میں اس وقت کے جنرل عاصم منیر اور آج کے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں شاندار کامیابی حاصل کی، پاک فضائیہ کے سربراہ ظہیر بابر سدھو کو توسیع ملنے پر بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ پوری قوم کی خواہش تھی۔

پاک بحریہ بھی مستعد رہی، بھارت کا بحری بیڑہ قریب نہیں آیا اگر آتا تو اس کا بھی بندوبست کیا ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو اس کی توقع سے بہت زیادہ نقصان اٹھانا پڑا، بھارت اس کے اعدادوشمار نہیں پیش کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اس جنگ نے حکمت عملی ہی تبدیل کر دی ہے۔ آپریشن بنیان المرصوص مربوط حکمت عملی کے تحت کیا گیا۔ بھارت کو حربی اور سفارتی محاذ پر شکست اٹھانا پڑی۔ بھارت کی فوج میں انتہا پسند ہیں جنہوں نے مساجد کو نشانہ بنایا، پاکستان نے کسی بھی مذہبی مقام کو نشانہ نہیں بنایا۔ پہلگام کا ڈرامہ سارا خود بھارت نے کیا ہے۔

آرمڈ کنفلکٹ اور سفارت کاری میں پاکستان نے فتح حاصل کی پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا، سوائے اسرائیل کے کسی نے بھی بھارت کا ساتھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ 10 مئی کو یوم فتح ہر سال منائیں گے۔ ہمیں یقین ہے اب کشمیر کا معاملہ آگے بڑھے گا۔ سندھ طاس معاہدے کے تینوں دریا کشمیر سے نکلتے ہیں۔ ہم یہ چاہتے ہیں کہ وسیع البنیاد مذاکرات ہوں جن سے پہلے بھارت انتہا پسندانہ توسیع پسندانہ سوچ ترک کرے اور علاقے کی چوکیداری اور کھڑپینچی کا خیال دل سے نکالے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے بیرون ممالک میں جو وفد بھیجے نہایت بہترین کاوش ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے