کمشنر کراچی کا مزید شاہراہوں پر چنگچی رکشوں پر پابندی لگانے کا حکم

n01209725-b.jpg

کمشنر کراچی نے شہر کی مزید شاہراہوں پر چنگچی رکشوں پر پابندی لگانے کا حکم دے دیا جبکہ لی مارکیٹ بس اڈے کے مکمل خاتمے کے لیے بھی ہدایت جاری کردی۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں ٹرانسپورٹ مسائل پر اہم فیصلے کیے گئے۔ کمشنر کراچی نے کہا کہ کورنگی میں من مانی کرنے والے چنگچی رکشہ ڈرائیورز کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں، چنگچی رکشوں کے غیر قانونی اسٹاپ اور اڈوں کے خلاف بھر پور کا رروائی کی جائے، کمشنر کراچی نے محکمہ ٹرانسپورٹ کو بھی ہدایت کردی۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی میں ون پلس ٹو اور ون پلس فور موٹرکیب رکشوں پر 2 ماہ کے لیے پابندی عائد کردی گئی تھی، ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کی سفارش پر 144 سی آر پی سی کے تحت یہ اقدام کیا گیا تھا۔

حکام کے مطابق پابندی 15 اپریل سے 14 جون 2025ء تک نافذ العمل ہے، پابندی پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) کی دفعہ 188 کے تحت کارروائی کا انتباہ جاری کیا گیا تھا۔ حکام کے مطابق شاہراہ فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ، شہید ملت روڈ سمیت اہم شاہراہوں پر رکشے چلانے پر پابندی ہے، شاہراہ فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ پر ون پلس ٹو اور ون پلس فور موٹر کیب کے چلانے پر مکمل پابندی ہے۔ حکام کے مطابق غیر مجاز اور خود ساختہ روٹس پر چلنے والے رکشے ٹریفک میں رکاوٹ بن رہے تھے، ون پلس فور رکشوں پر عبداللّٰہ شاہ غازی کے مزار، شاہراہ فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ، اسٹيڈيم روڈ اور دیگر علاقوں میں بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے