راہل گاندھی "آپریشن سندور” کو لیکر پاکستان کی زبان بول رہے ہیں، بی جے پی

انڈین نیشنل کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ میں حزب اختلاف کے لیڈر راہل گاندھی کی جانب سے بھارتی وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر پر لگائے گئے الزامات کے بعد بی جے پی نے جارحانہ انداز اختیار کر لیا ہے۔ بی جے پی نے الزام لگایا ہے کہ راہل گاندھی پاکستان کی زبان بول رہے ہیں۔ راہل گاندھی نے وزیر خارجہ سے پوچھا تھا کہ "آپریشن سندور” کے دوران ہندوستانی فضائیہ نے کتنے طیارے کھوئے، اس پر بی جے پی کے ترجمان سی آر کیساون نے الزام لگایا کہ راہل گاندھی کو ہندوستانی مسلح افواج پر بھروسہ نہیں ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کو اپوزیشن میں ان سے زیادہ محب وطن لیڈر کی ضرورت ہے۔
سی آر کیساون نے کہا کہ راہل گاندھی ملک اور حکومت پر شک کرتے رہے ہیں اور ہندوستانی مسلح افواج پر بھی عدم اعتماد کرتے رہے ہیں، اب وہ پاکستان کے چیف پروپیگنڈہ کی طرح بول رہے ہیں، اپوزیشن لیڈر کی بات تو دور، ہمارے ملک کو راہل گاندھی سے زیادہ ذمہ دار اور محب وطن رکن پارلیمنٹ کی ضرورت ہے۔ سی آر کیساون نے 11 مئی کو بھارتی فوج کی طرف سے منعقدہ پریس بریفنگ پر روشنی ڈالی، جس میں انہوں نے آپریشن سندور کو لیکر معلومات سامنے رکھے تھے۔ بی جے پی کے ترجمان نے کہا کہ راہل گاندھی فوج پر “اعتماد” ہرگز نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی مسلح افواج نے 11 مئی کو اپنی پریس بریفنگ میں تمام حقائق کو بلاشبہ واضح طور پر پیش کیا، لیکن راہل گاندھی ان پر اعتماد نہیں کرتے، انہیں ہندوستانی مسلح افواج پر یقین نہیں ہے، وہ غیرضروری مسائل کو اٹھاتے رہتے ہیں۔ اس دوران بی جے پی کے لیڈر گورو ولبھ نے کہا کہ راہل گاندھی کو پوچھنا چاہیئے کہ کتنے پاکستانی طیارے اور میزائل مار گرائے گئے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے ارکان پارلیمنٹ یہ سوال نہیں پوچھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی پوچھ رہے ہیں کہ کتنے ہندوستانی طیارے مار گرائے، دراصل وہ پاکستان کی زبان بول رہے ہیں۔