کوئٹہ، فلائی جناح کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا

خراب موسمی حالات کے باعث کوئٹہ ائیرپورٹ پر فلائی جناح کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا۔ ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق طوفان کے باعث کوئٹہ میں فلائی جناح کا طیارہ معجزاتی طور پر حادثے سے بچ گیا۔ پائلٹ کی انتہائی مہارت نے طیارے کو طوفان میں سنبھال کر سینکڑوں جانیں بچالیں۔ جہاں شدید طوفان کے دوران نجی ائیرلائنز کے طیارے نے 4 بار لینڈنگ کی کوشش کی۔ ایندھن کم ہونے کے باوجود چوتھی کوشش میں کامیاب لینڈنگ کی گئی، جبکہ پی آئی اے کی ایک پرواز کو تیز ہواؤں کے باعث کراچی واپس موڑ دیا گیا۔ کمشنر کوئٹہ محمد حمزہ شفقات نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ فلائی جناح کا طیارہ شدید گرد و غبار کے طوفان کے دوران چار بار لینڈنگ کی کوشش کرتا رہا جبکہ ایندھن بھی کم ہو رہا تھا، شکر ہے کہ چوتھی کوشش کامیاب رہی اور ممکنہ تباہی سے بچ گیا۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر مسافروں کے بے ہوش ہونے کی خبریں درست نہیں ہیں، سب محفوظ ہیں۔