سرفراز بگٹی کی خضدار میں لیویز اہلکاروں پر حملے کی مذمت

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے بلوچستان کے ضلع خضدار لیویز چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی کارروائیاں امن کو تباہ کرنے کی گھناؤنی سازش ہیں۔ لیویز فورس کے جوانوں نے فرض کی راہ میں اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر شجاعت و بہادری کی نئی تاریخ رقم کی ہے۔ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور دشمنوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ بلوچستان حکومت شہداء کے خاندانوں کو ہرگز تنہا نہیں چھوڑے گی اور انہیں ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ امن دشمن عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔ واضح رہے کہ آج خضدار کی تحصیل نال میں مسلح افراد نے لیویز چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔ جس میں چار اہلکار جانبحق ہو گئے۔