راجستھان میں مقیم 148 بنگلہ دیشی تارکین وطن کو واپس بھیج دیا گیا

بھارتی ریاست راجستھان کے سیکر ضلع میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف مہم کے دوران پکڑے گئے بنگلہ دیشی شہریوں کی پہلی کھیپ کو بدھ کے روز واپس ان کے وطن بھیج دیا گیا۔ اس کے لئے سیکر پولس کی ایک ٹیم سخت سکیورٹی میں 148 بنگلہ دیشی شہریوں کے ساتھ جودھپور ایئر فورس اسٹیشن پہنچی، جہاں سے انہیں خصوصی طیارے میں مغربی بنگال لے جایا جائے گا۔ انہیں بنگلہ دیش کی سکیورٹی فورسز کے حوالے کرنے کے لئے بی ایس ایف کے حوالے کر دیا جائے گا۔ اس موقع رپ سکیورٹی کے لئے سیکر سے جودھ پور کے راستے پر ایئرپورٹ پولیس، رتناڈا پولیس اور راجستھان آرمڈ کانسٹیبلری (آر اے سی) کے دستوں کو تعینات کیا گیا تھا۔ جودھ پور ایئر فورس اسٹیشن پر غیر قانونی تارکین وطن کی حاضری ریکارڈ کی گئی اور ڈی سی پی آلوک سریواستو کی موجودگی میں ان کا سامان فوجی حکام کے حوالے کیا گیا۔
پہلگام دہشت گردانہ حملہ اور "آپریشن سندور” کے بعد مودی حکومت نے یہاں غیر قانونی طور پر مقیم تمام بنگلہ دیشی شہریوں کی شناخت اور وطن واپسی کے لئے ایک مہم شروع کی ہے۔ اس کے تحت راجستھان کے 17 اضلاع سے 1008 مشتبہ بنگلہ دیشی شہریوں کو حراست میں لیا گیا۔ جے پور میں تقریباً 761 اور سیکر میں 394 کی شناخت کی گئی۔ پیر کو دہلی کے بوانا علاقے میں غیر قانونی طور پر مقیم چار بچوں سمیت چھ بنگلہ دیشی تارکین وطن کو گرفتار کیا گیا۔ ایک سینیئر پولیس افسر نے کہا کہ ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران جوڑے نے اپنے بنگلہ دیشی نژاد ہونے سے انکار کیا اور کوئی بھی درست بھارتی شناختی دستاویزات پیش کرنے میں ناکام رہے، تاہم مسلسل پوچھ گچھ کے نتیجے میں بنگلہ دیشی شناختی کارڈز برآمد ہوئے اور انہوں نے جرم کا اعتراف کرلیا۔