کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے پاکستانی روپیے کی اڑان

پاک بھارت کے درمیان جنگ بندی، آئی ایم ایف کی جانب سے 2 ارب 40 کروڑ ڈالر کی فنانسنگ منظور ہونے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان کے ساتھ تجارت بڑھانے کے اعلان سے زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں پیر کو ڈالر کے مقابلے پاکستانی روپیہ تگڑا رہا۔ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں 80 ہزار اوورسیز پاکستانیوں کے نئے کھاتے کھلنے اور انفلوز 10 ارب ڈالر سے متجاوز ہونے کی اطلاعات سے انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانیے میں ڈالر تنزلی سے دوچار رہا، جس سے ایک موقع پر ڈالر کی قدر 34 پیسے کی کمی سے 281 روپے 37 پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی، لیکن اس دوران معیشت میں طلب بڑھنے اور درآمدی نوعیت کی ڈیمانڈ آنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 15 پیسے کی کمی سے 281 روپے 56 پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 4 پیسے کی کمی سے 283 روپے 50 پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔