سوشل میڈیا پر "پاکستان زندہ باد” پوسٹ کرنے پر اترپردیش میں ایک شخص گرفتار

بھارت اور پاکستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے درمیان اترپردیش کے بریلی ضلع میں ایک درزی کو فیسبک پر پاکستان کے حامی پوسٹ اپلوڈ کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔ ایک پولیس افسر نے آج یہ جانکاری دی۔ ملزم درزی محمد ساجد جو کہ یہاں دیورنیا علاقہ کے رہائشی ہیں، نے مبینہ طور پر اپنے فیسبک اکاؤنٹ پر پاکستان کا پرچم اپلوڈ کیا تھا جس پر "پاکستان زندہ باد” کا نعرہ درج تھا۔ سوشل میڈیا صارفین نے متنازع پوسٹ پر سوالات اٹھائے تو پولیس حرکت میں آگئی اور محمد ساجد کے خلاف مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا۔ پولیس کی تنبیح کے بعد انہیں "بھارت زندہ باد، پاکستان مردہ باد” کے نعرے لگاتے ہوئے دیکھا گیا جب اسے دیورنیا پولیس اسٹیشن میں ایک پولیس افسر لے جا رہا تھا۔
دیورنیا تھانے کے انچارج انسپکٹر دنیش شرما نے بتایا کہ محمد ساجد نے پاکستان زندہ باد کا نعرہ سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا تھا۔ شکایت کی بنیاد پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے محمد ساجد کو گرفتار کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزم کے موبائل پر کچھ اور متنازع پوسٹس بھی ملے ہیں۔ گزشتہ ہفتے "آپریشن سندور” کے بعد بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی تھی۔ دونوں ممالک نے ہفتے کے روز سیز فائر کا فیصلہ اس وقت کیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ان کی انتظامیہ نے جنگ بندی کے معاہدے میں ثالثی کی ہے حالانکہ بھارت نے دعویٰ کیا کہ اس پر برائے راست دونوں ممالک کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کے درمیان اتفاق ہوا تھا۔