جنگ بندی کیلئے کس بھارتی شخصیت نے ہاتھ پاوں مارے، اہم انکشاف

n01208068-b.jpg

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی  جنگ بندی کرانے کیلئے براہ راست مداخلت کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان لڑاکا طیاروں کی کارروائیاں اور فل سکیل جنگ کے خطرے کو روک دیا گیا۔ جوہری ہتھیاروں سے لیس ہمسایوں کے درمیان اچانک کشیدگی میں کمی بڑے کھلاڑیوں، خاص طور پر واشنگٹن اور ریاض کی جانب سے فوری سفارتی کوششوں کے بعد ممکن ہوئی۔ امریکہ اور سعودی عرب نے بھارت کی اپیل پر پاکستان سے حملے روکنے کی درخواست کی۔ اس پر پاکستان نے اپنے جوابی میزائل حملے روکنے اور فوری جنگ بندی پر عمل کرنے پر اتفاق کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کے میزائل ردعمل سے ہونیوالے نقصان کو دیکھنے کے بعد بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے گزشتہ رات دیر گئے امریکی وزیر خارجہ مارک روبیو سے رابطہ کیا اور ان سے پاکستان کیساتھ فوری طور پر بات چیت کرنے کی درخواست کی۔ گفتگو کے دوران جے شنکر نے پاکستان کیساتھ فوری جنگ بندی کرانے میں امریکہ کی مدد طلب کی۔

بھارت کی درخواست پر عمل کرتے ہوئے مارک روبیو نے ہفتہ کی صبح پاکستان کے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے رابطہ کیا۔ انہوں نے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سے بھی بات کی تاکہ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی درخواست پہنچائی جا سکے۔ اسی دوران بھارت نے سعودی حکومت سے بھی رابطہ کیا اور پاکستان کیساتھ جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے میں اس کی سفارتی مدد طلب کی۔ پھر سعودی وزیر خارجہ نے ہفتے کی صبح اسحاق ڈار سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور نئی دہلی کی جانب سے امن کی درخواست پہنچائی۔ بعدازاں دوپہر کے وقت دونوں ممالک کے ڈائریکٹر جنرلز آف ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم اوز) نے بات چیت کی اور فوری طور پر جنگ بندی پر عمل کرنے پر اتفاق کیا۔ ذرائع کے مطابق نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بتایا کہ دونوں ممالک نے دوست ممالک کی اپیلوں کے جواب میں فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے