بھارت کو ایک اور شکست، آئی ایم ایف نے پاکستان کیلیے دوسری قسط کی منظوری دیدی

آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کیلئے ایکسٹنڈڈ فنڈ فسیلیٹی پروگرام کے تحت اقتصادی جائزے اور ایک ارب ڈالر مالیت کے لگ بھگ قرض کی اگلی قسط کی منظوری دیدی، آئی ایم ایف بورڈ نے 1.3 ارب ڈالر کی کلائمٹ فنسنگ کی بھی منظوری دیدی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق آئی ایم ایف سے پاکستان کیلئے بڑی خوشخبری سامنے آگئی، پاکستان کے خلاف بھارت کو عالمی سطح پر ایک اور خفت کا سامنا کرنا پڑا، آئی ایم ایف نے پاکستان کے قرض اور کلائمنٹ فنانسنگ کی منظوری دے دی۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس جمعہ کو منعقد ہوا جس میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ایک ارب ڈالر کے لگ بھگ مالیت کے قرضے کی اگلی قسط کیلئے پاکستان اور آئی ایم ایف جائزہ ٹیم کے درمیان طے پائے اسٹاف سطح کے معاہدے اور ایکسٹینڈڈ فنڈ فسیلٹی پروگرام کے تحت پہلے اقتصادی جائزہ کو منظوری کیلئے پیش کیا گیا۔
آئی ایم ایف بورڈ نے تفصیلی غور کے بعد اقتصادی جائزہ اور قرضے کی اگلی قسط جاری کرنے کی منظوری دے دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کے علاوہ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں کلائمٹ فنانسنگ کے تحت بھی ایک ارب 30 کروڑ ڈالر کی منظوری دی گئی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ کی جانب سے 7 ارب ڈالر کے قرض پروگرام کے تحت ایک ارب ڈالرکی اگلی قسط جاری کرنے کی منظوری کے بعد توقع ہے کہ اگلے چند روز میں یہ رقم پاکستان کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوجائے گی۔