کراچی سمیت سندھ میں 2 اسرائیلی ساختہ ڈرونز مار گرائے گئے

بھارت کا جنگی جنون تھم نہ سکا، پنجاب کے بعد سندھ کے بھی مختلف علاقوں میں جاسوسی کیلئے آنے والے اسرائیلی ساختہ ڈرونز پاک فوج نے مار گرائے۔ شہر قائد سمیت اندرون سندھ دو ڈرون گرنے سے ایک شہری شہید اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے ساتھ ساتھ سندھ کے ضلع گھوٹکی کے گاؤں سرفراز لغاری میں بھی ڈرون گرنے کی اطلاع ملی، جس میں ایک شہری مختیار احمد شہید اور دوسرا زخمی ہوگیا۔ کراچی کے علاقے ملیر شرافی گوٹھ میں بھی ڈرون گرنے کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر مقامی پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر کارروائی شروع کر دی ہے۔ واضح رہے کہ واقعات کے بعد سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔