مظفرآباد، اسرائیلی طرز پر کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف احتجاجی ریلی

کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے زیراہتمام بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں اور اسرائیلی طرز پر کشمیریوں کے قتل عام کے خلاف مظفرآباد میں ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ذرائع کے مطابق ریلی کی قیادت حریت کانفرنس کے کنوینئر غلام محمد صفی نے کی۔ ریلی میں مظفرآباد کی سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات اور جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے مہاجرین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے اسرائیلی طرز پر کشمیریوں کے قتل عام، گھروں کو مسمارکرنے اور انسانی حقوق کی پامالیوں کی جانب مبذول کرائی اور اقوام متحدہ پر دیرینہ تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل پر زور دیا۔
غلام محمد صفی نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کو وحشیانہ ظلم و تشدد کا نشانہ بنا رہا ہے۔ گھروں کو تباہ، نوجوانوں کو دوران حراست لاپتہ کیا جا رہا ہے، حریت قیادت کو قید کر کے سیاسی خلا پیدا کیا جا رہا ہے اور حق خودارادیت کی جدوجہد کو طاقت کے زور پر کچلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بھارت میں زیر تعلیم کشمیری طلباء کو ہراساں کیے جانے، ان پر تشدد اور تعلیم ترک کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت دانستہ طور پر کشمیری نوجوانوں کو تعلیمی، سماجی اور معاشی طور پر مفلوج کر رہی ہے تاکہ ان کے جذبہ حریت کو کمزور کیا جا سکے۔ ریلی کے شرکاء نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کا نوٹس لیں اور کشمیریوں پر 76سال سے جاری بھارتی مظالم بند کرائیں۔
انہوں نے بھارت کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے، کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق خودارادیت دلوانے اور غیر قانوی طور پر نظربند کشمیری حریت قیادت کی فوری رہائی پر زور دیا۔ انہوں نے تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے مزید دس جنگیں لڑنے سے پاکستان کے آرمی چیف کے بیان کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کو سفارتی محاذ پر تنہا کرنے کی ہر ممکن کوشش کی لیکن مملکت پاکستان کی کامیاب ڈپلومیسی نے بھارت کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد بھارت کی طرف سے پاکستان کے خلاف کھولے گئے محاذ کا پاکستانی عوام، میڈیا، سیاسی، سماجی، مذہبی، معاشی اور معاشرتی اکابرین نے بھرپور جواب دیا اور بھارتی پروپیگنڈے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے