صوابی اور بنوں میں دہشتگردی کے واقعات، 3 اہلکار شہید، 5 افراد زخمی

n01206106-b.jpg

خیبر پختونخوا کے اضلاع صوابی اور بنوں میں دہشتگردی کے دو مختلف واقعات پیش آئے۔ صوابی میں تھانہ صوابی کی حدود جھنڈا چوکی پر نامعلوم شرپسندوں نے فائرنگ کی، جبکہ بنوں میں کمپنی روڈ پر سی ٹی ڈی اہلکاروں پر حملے میں تین اہلکار شہید اور 2 زخمی ہو گئے۔ ڈی پی او صوابی محمد اظہر خان کے مطابق نامعلوم افراد نے جھنڈا چوکی پر اچانک فائرنگ کی تاہم پولیس اہلکار محفوظ رہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کو پسپا کر دیا۔ حملہ آور رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قریبی جنگل کی طرف فرار ہو گئے۔

ڈی پی او کے مطابق علاقے میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن جاری ہے اور شرپسندوں کی گرفتاری کے لیے سیکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ بنوں کے علاقے ڈومیل میں کمپنی روڈ پر سی ٹی ڈی پولیس اور مسلح افراد کے درمیان جھڑپ ہوئی، جس کے نتیجے میں سی ٹی ڈی کے تین اہلکار شہید اور دو زخمی ہو گئے، فائرنگ کی زد میں آ کر تین شہری بھی زخمی ہوئے۔ شہداء اور زخمیوں کو فوری طور پر کے جی این ہسپتال منتقل کیا گیا۔ ریسپانس کے طور پر بنوں پولیس کی اضافی نفری اور بکتر بند گاڑیاں روانہ کر دی گئیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے