ھم امریکی ریاست نہیں؛ طنز

مصری رکن پارلیمان کا ٹرمپ پر طنز: "ہم امریکہ کی نئی ریاست نہیں”
قاہرہ – بین الاقوامی ڈیسک
مصری پارلیمان کے رکن مصطفی بکری نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امریکی بحری جہازوں کو نہر سویز سے مفت گزرنے کی متنازعہ درخواست کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
بکری نے اپنے بیان میں ٹرمپ پر "غنڈہ گردی” اور "باج گیری” کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ نہر سویز مصر کی قومی ملکیت ہے اور امریکہ یا کسی اور کی جاگیر نہیں۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا: "ہم نہ تو کوئی ‘کیلا جمہوریہ’ (کمزور اور واحد پیداوار پر انحصار رکھنے والا ملک) ہیں، نہ ہی امریکہ کی نئی ریاست۔”
مصری رکن پارلیمان نے ٹرمپ کے بیان کو عرب اقوام، خصوصاً مصر پر امریکی دباؤ کی ایک اور کوشش قرار دیا اور کہا کہ یہ سب اس وجہ سے ہو رہا ہے کہ مصر فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کی امریکی منصوبہ بندی کے خلاف ڈٹا ہوا ہے۔
مصطفی بکری اس سے قبل بھی بحیرہ احمر اور بابالمندب کے گرد امریکی عزائم سے خبردار کر چکے ہیں۔