امریکی دعوے جھوٹ پر مبنی

انصاراللہ کا ردعمل: امریکہ کے دعوے جھوٹ پر مبنی ہیں
صنعا – بین الاقوامی ڈیسک
یمن کی انصاراللہ تحریک کے سیاسی دفتر کے رکن محمد البخیتی نے امریکہ کی جانب سے یمنی فوج کو پہنچنے والے مبینہ نقصانات سے متعلق دعوؤں کو جھوٹ اور پروپیگنڈا قرار دے دیا ہے۔
البخیتی نے واضح کیا کہ صعدہ کے علاقے میں افریقی مہاجرین کے مرکز کے قریب یمنی مسلح افواج کی کوئی عسکری موجودگی نہیں ہے اور امریکہ کی جانب سے اس مقام کو نشانہ بنانا، نہ صرف ایک جنگی جرم ہے بلکہ امریکی شکست اور اخلاقی دیوالیہ پن کا ثبوت بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یمن کی بحری کارروائیاں بحر احمر میں بلا تعطل جاری ہیں اور امریکی حملے ان کی عسکری حکمت عملی پر کوئی اثر نہیں ڈال سکے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکہ کی جانب سے یمن کی عسکری صلاحیتوں کو نقصان پہنچانے کے جو اعداد و شمار پیش کیے جا رہے ہیں، وہ حقیقت کے برعکس اور صریح جھوٹ ہیں، خاص طور پر ایسے وقت میں جب امریکہ خود مسلسل نقصانات کا سامنا کر رہا ہے۔