لاہور: گھریلو جھگڑے کے دروان ٹک ٹاکر آیت مریم کو شوہر نے قتل کر دیا

لاہور میں گھریلو جھگڑے کے دوران معمولی تلخ کلامی کے بعد ٹک ٹاکر آیت مریم کو شوہر نے قتل کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن میں ٹک ٹاکر آیت مریم کو قتل کردیا گیا، لاہور پولیس کا کہنا تھا کہ شوہر سعد نے معمولی لڑائی جھگڑے پر بیوی کو گلا دبا کر اس کی جان لے لی۔
ایس پی لاہور پولیس ڈاکٹر غیور احمد خان نے بتایا کہ نواب ٹاؤن پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اور مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بیوی کے قتل میں ملوث ملزم کو 24 گھنٹے میں گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزم سعد اور مقتولہ آیت مریم کا اکثر آپس میں جھگڑا رہتا تھا، قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، گرفتار ملزم کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
ملزم سے تفتیش کے بعد قتل کے مزید محرکات کا اندازہ ہوسکے گا۔