لاہور میں استحکام پاکستان اور یکجہتی افواجِ پاکستان کے عنوان سے پریس کانفرنس

لاہور میں استحکام پاکستان اور یکجہتی افواجِ پاکستان کے عنوان سے پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت ممبر اسلامی نظریاتی کونسل علامہ سید افتخار حسین نقوی نے کی۔ کانفرنس میں تمام مکاتبِ فکر کے جید علما کرام نے شرکت کی اور ملک کی سلامتی، خودمختاری اور افواج پاکستان سے مکمل اظہارِ یکجہتی کیا۔ علما کرام نے مشترکہ اعلامیہ میں کہا کہ موجودہ حالات میں پوری قوم کو سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر قومی اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہر لمحہ پاکستان کے دفاع، سلامتی اور استحکام کیلئے افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ پریس کانفرنس کے دوران علماء نے ہندوستان کے جانب سے پھیلائے جانیوالے جھوٹے پروپیگنڈے کی سخت الفاظ میں مذمت کی، خصوصاً پہلگام واقعے کو خود ساختہ قرار دیتے ہوئے اسے بھارتی سکیورٹی اداروں کی ناکامی قرار دیا۔
علما کرام نے کہا کہ ہندوستان اس واقعے کو بنیاد بنا کر پاکستان کو بدنام کرنے اور سندھ طاس معاہدے کو ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے، جس کی وہ پرزور مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو پاکستان کیخلاف بیانات دینے کے بجائے اپنے سکیورٹی نظام کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ ساتھ ہی علمائے کرام نے حکومتِ پاکستان کی جانب سے قومی سلامتی کمیٹی کا بروقت اجلاس بلانے پر خراج تحسین پیش کیا۔ پریس کانفرنس میں مفتی سید عاشق حسین، قاسم علی قاسمی، علامہ رشید ترابی، علامہ بدر منیر، لال مہدی، پروفیسر محمود غزنوی، چوہدری صغیر عباس ورک، پیر عثمان نوری، علامہ حافظ کاظم رضا نقوی، پیر جلیل شرقپوری، صاجزادہ مدثر حسین اور دیگر علما کرام شریک ہوئے۔