بھارتی فورسز نے مزید 5 کشمیریوں کے گھر دھماکوں سے اڑا دیے

غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز نے مزید 5 کشمیریوں کے مکانات دھماکہ خیز مواد لگا کر اڑا دیے، ان کارروائیوں کو پوری کشمیری کمیونٹی کو اجتماعی سزا دینے کے مترادف قرار دیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق رہائشی مکانات کو دھماکہ خیز مواد لگا کر زمین بوس کر دیا گیا۔ مسمار کیے گئے مکانات عامر نذیر وانی، جمیل احمد شیر گوجری، عدنان صفی ڈار، عامر احمد اور فاروق احمد ٹیڈوا کے والدین کے تھے۔دھماکوں سے پڑوسیوں کے درجنوں مکانات کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے جس سے کئی خاندان بے گھر اور شدید پریشانی میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ناقدین کا کہنا ہے کہ بھارتی حکام علاقے پر اپنے غاصبانہ قبضے کو برقرار رکھنے کے لئے اسرائیلی ہتھکنڈے استعمال کر کے کشمیریوں کے گھروں کو مسمار کر رہے ہیں تاکہ انہیں بے گھر کیا جا سکے اور بھارتی قبضے کے خلاف مزاحمت کرنے والے لوگوں کے عزم کو توڑا جا سکے۔ بھارتی حکام گزشتہ تین دن میں اسی طرح کے دھماکوں سے سات دیگر کشمیریوں کے آبائی گھروں کو تباہ کر چکے ہیں۔