یمن کی طرف سے کھلی دھمکی

انصار اللہ کی کھلی دھمکی: جواب سرحدوں سے باہر تک جائے گا
صنعا: یمن میں انصار اللہ کے اعلیٰ رہنما اور صوبہ ذمار کے گورنر محمد البخیتی نے ایک سخت پیغام میں خبردار کیا ہے کہ اگر اندرونی محاذوں پر جنگ بھڑکی، تو ان کا ردِعمل صرف یمن کی حدود تک محدود نہیں رہے گا، بلکہ ان ممالک کی سرزمین تک پہنچے گا جو اس جنگ کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ "ایکس” پر ایک پوسٹ میں البخیتی نے لکھا:
"ہم نے سعودی عرب اور امارات کو آگاہ کر دیا ہے کہ ہم ان کے تمام حمایت یافتہ کرائے کے فوجیوں کو جانتے ہیں، اور اگر لڑائی دوبارہ شروع ہوئی تو ہمارے حملے ان کے ممالک کے اندر تک جائیں گے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ بعض ممالک کی جانب سے امریکا کے ساتھ مل کر بتدریج مداخلت، یہ سوچ کر کہ یمن کوئی ردعمل نہیں دے گا، ایک "انتہائی خطرناک فیصلہ” ہے۔
البخیتی نے برطانیہ، فرانس، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا:
"ہم انہیں خبردار کرتے ہیں کہ وہ اس راستے پر مزید نہ بڑھیں، کیونکہ ہمارا صبر لا محدود نہیں ہے۔”
یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بحیرہ احمر اور یمن کے گرد بین الاقوامی فوجی موجودگی اور کشیدگی میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔