یمن کا فلسطین اشغالی پہ حملہ

یمن کا بیلسٹک میزائل حملہ: اسرائیل کے شمال میں پہلی اور طویل فاصلے کی کارروائی
یمنی مسلح افواج نے آج علی الصبح ایک بیلسٹک میزائل کے ذریعے قابض صیہونی حکومت کے شمالی علاقوں کو نشانہ بنایا۔ دستیاب ویڈیوز کے مطابق، میزائل حیفا یا عکا کے کسی نامعلوم مقام پر گرا ہے۔ حملے کی مزید تفصیلات یمنی افواج کے ترجمان بریگیڈیئر یحیی سریع کے آئندہ بیان میں متوقع ہیں۔
یہ کارروائی نہ صرف یمن کی جانب سے مقبوضہ فلسطین کے شمال میں پہلا حملہ ہے بلکہ اب تک کا طویل فاصلے کا سب سے بڑا میزائل حملہ بھی تصور کیا جا رہا ہے۔ اگر یہ میزائل یمن کے صوبہ صعدہ سے داغا گیا ہو، تو اس نے تقریباً 1950 سے 2000 کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا ہے۔ ممکنہ طور پر یمن کی میزائل فورس نے اپنے ‘خیبرشکن’ میزائل میں تکنیکی تبدیلیاں کر کے اس کا دائرہ کار مزید بڑھایا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر انصاراللہ کے ان حملوں کا سلسلہ شمالی فلسطین تک جاری رہا، تو آنے والے مہینوں میں نہ صرف لبنان کی صورتحال پر اثرات مرتب ہوں گے بلکہ شمالی محاذ پر بھی نئی تبدیلیاں دیکھنے کو مل سکتی ہیں۔ یمن، جو محدود وسائل کے باوجود خطے میں مزاحمتی محور کا مرکزی کردار ادا کر رہا ہے، تیزی سے ایک مؤثر اسٹریٹجک قوت میں تبدیل ہو رہا ہے۔