چین نے امریکی الزام مسترد کیا

چین نے امریکا کے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ چین یمن کے انصاراللہ گروپ کو بحیرہ احمر میں امریکی جہازوں کی سیٹلائٹ معلومات فراہم کر رہا ہے۔ چین کے خارجہ محکمے کے ترجمان لِن جیان نے جمعے کے روز کہا کہ چین تنازعات کو کم کرنے میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین امریکا کے ان الزامات سے بالکل بے خبر ہے۔
لِن جیان نے امریکا کے رویے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "کون ثالثی کر کے حالات کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہا ہے اور کون پابندیاں لگا کر حالات کو مزید خراب کر رہا ہے؟ میں سمجھتا ہوں کہ عالمی برادری کو اس کا جواب بخوبی معلوم ہے۔” انہوں نے زور دے کر کہا کہ چین ہمیشہ علاقائی امن اور استحکام کے لیے کوشاں رہا ہے۔