حماس کا بیانیہ

حماس کے فوجی ونگ نے اسرائیلی آبادی پر راکٹ حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔
غزہ/یروشلم: حماس کے فوجی ونگ کتائب القسام نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے آج اسرائیلی آبادی نیر اسحاق پر راکٹ حملے کی ذمہ داری قبول کر لی۔ تنظیم کے ترجمان نے کہا کہ یہ حملہ 114 ملی میٹر کے مختصر رینج والے رجوم راکٹس کے ذریعے کیا گیا، جو غزہ سے فائر کیے گئے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ "آئرن ڈوم” ڈیفنس سسٹم نے کچھ راکٹس کو روک لیا، تاہم کچھ راکٹس آبادی والے علاقے میں گرے، جس کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق کئی اسرائیلی شہری زخمی ہوئے ہیں۔ اسرائیلی ہسپتالوں نے ہنگامی حالت نافذ کر دی ہے۔
یہ حملہ اس وقت ہوا ہے جب گزشتہ ہفتے سے اسرائیلی فوج غزہ کے مختلف علاقوں پر فضائی حملے کر رہی ہے، جن میں درجنوں فلسطینی شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔ کتائب القسام کے ترجمان نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ "یہ حملہ صہیونی ریژیم کے مظالم کا جواب ہے اور ہم اپنے دفاعی حق کا استعمال جاری رکھیں گے”۔