لوئر کرم: دہشت گرد عناصر کیخلاف کارروائی اوچت، مندوری،اور بگن کو خالی کرانے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا حکومت نے لوئر کرم میں فائرنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے گاؤں اوچت، مندوری، دادکمر اور بگن کو خالی کرانے کا فیصلہ کرلیا۔ضلع کرم میں امن و امان کی صورت حال پر خیبرپختونخوا حکومت کا اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ لوئر کرم کے علاقوں اوچت، مندوری، دادکمر اور بگن میں سرچ آپریشنز کیے جائیں گے، اور اس سے قبل ان علاقوں کو خالی کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ان علاقوں کو خالی کرانے کا فیصلہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کیا گیا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ جو لوگ کرم میں ریاست کے خلاف واقعات میں ملوث ہیں ان کے نام شیڈول فور میں ڈالنے فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ امن و امان کا مسئلہ پیدا کرنے والے افراد اور ماسٹر مائنڈز کے سروں کی قیمتیں مقرر کی جائیں گی۔اعلامیہ کے مطابق گزشتہ روز پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے میں امدادی رقوم کی تقسیم کا سلسلہ فی الحال روک دیا گیا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کرم کو اسلحہ سے پاک کرنے کی مہم پر سختی سے عملدرآمد کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ بنکرز کو گرانے کے سلسلے کو بھی تیزی سے جاری رکھا جائےگا۔ترجمان نے بتایا کہ امن معاہدے کے تحت قائم کمیٹیوں کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنا ہوں گی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز لوئر کرم میں امدادی سامان لے جانے والی گاڑیوں کے قافلے پر فائرنگ ہوئی تھی جس کے نتیجے میں ڈرائیور جاں بحق ہوگیا تھا، جبکہ 15 افراد زخمی ہوگئے تھے۔