وکلا اہم معلومات بیرون ملک بیٹھے یوٹیوبرز کو بیچتے ہیں، پی ٹی آئی قائدین کا الزام

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنماؤں نے الزام لگایا ہے کہ اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملنے والے وکلا بیرون ملک بیھٹے یو ٹیوبرز سے پیسے لے کر ان تک اہم معلومات پہنچا رہے ہیں، سینیئر رہنماؤں نے عمران خان سے وکلا کی ملاقاتوں کا جائزہ لینے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے بعض مرکزی رہنماؤں نے وکلا کی عمران خان سے ملاقاتوں کے دوران ان سے شکایات کرنے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ وکلا ملک سے باہر بیھٹے یو ٹیوبرز تک اہم معلومات پہنچا رہے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پارٹی کے مرکزی قائدین نے وکلا کی جانب سے شکایات کے علاوہ ان کی پیغام رسانی، کور اور سیاسی کمیٹی کے اجلاسوں میں ان کے طرز عمل پر بھی سوالات اٹھائے ہیں اور تفصیلات بانی پی ٹی آئی تک پہنچانے کا فیصلہ کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق پارٹی قائدین نے یہ بھی الزام لگایا ہے کہ وکلا میں چند ایسے بھی ہیں جو بیرون ملک بیٹھے یوٹیوبرز کے لیے کام کرتے ہیں اور بیرون ملک بیٹھے یہ یوٹیوبرز ان وکلا کو اندر کی معلومات پہنچانے کے بدلے انہیں معاوضہ ادا کرتے ہیں۔اس کے علاوہ یہ چند وکلا پارٹی میں بنے الگ الگ گروپس کے لیے بھی کام کر رہے ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی قائدین نے فیصلہ کیا ہے کہ وکلا کی جانب سے عمران خان کے ساتھ شکایات اور دیگر معاملات پر پائے جانے والے تحفظات کا ازسر نو جائزہ لیں گے۔
ادھر پی ٹی آئی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی سیاسی قیادت کو اڈیالہ میں ملاقاتیں ہی نہیں کرنے دی جاتیں، صرف وکلا ہی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرتے ہیں جبکہ سیاسی قیادت کو عدالتوں سے اجازت لے کر مشکل سے ملاقات کرنا پڑتی ہے۔واضح رہے کہ جمعہ کو ایک انٹرویو کے دوران پی ٹی آئی سے نکالے گئے رہنما شیر افضل مروت نے بھی کچھ ایسے ہی الزامات عائد کیے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے لیے جانے والوں میں صرف ایک وکیل ہوتا ہے اور باقی کان بھرنے والے ہوتے ہیں۔