وفاقی اور صوبائی حکومتوں میں اہم عہدوں پر ڈیل؟

Deal.jpg

معتبر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ  خیبرپختونخواہ میں اہم ترین تعیناتیوں کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان بہت بڑی “ڈیل” ہوئی جس کے نتیجے میں صوبے کے نئے چیف سیکرٹری اور ان سے قبل انسپکٹر جنرل پولیس کی تعیناتیاں عمل میں لائی گئیں۔ ذرائع نے اس ضمن میں بتایا کہ گزشتہ کئی مہینوں سے ان دو اہم عہدوں پر نئی تعیناتیوں کے لیے وفاقی حکومت اور خیبرپختونخوا کی حکومت کے درمیان رابطے جاری تھے اور ان رابطوں کے دوران دوسروں کے علاوہ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی کے علاوہ مولانا فضل الرحمان نے بھی کافی “متحرک” کردار ادا کیا۔

ذرائع کے بقول شاید ہی کسی چیف سیکرٹری کی تعیناتی کے لیے اتنے بڑے پیمانے پر مشاورت اور سفارشیں ہوئی ہو جتنی نئے چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ کے لیے اس پراسیس کے دوران کی گئیں اور اسی کا نتیجہ ہے کہ پہلی بار “اسٹیبلشمنٹ” کی مخالفت کے باوجود گزشتہ روز موصوف کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق جب اہم شخصیات اس معاملے میں ملوث ہوئیں تو وفاقی حکومت نے “شرط” رکھی کہ شہاب علی شاہ کی تعیناتی اس حالت میں ممکن بنائی جائے گی جب صوبے کے انسپکٹر جنرل پولیس کو وفاقی حکومت کی مرضی کے مطابق تعینات کیا جائے گا۔ اس ڈیل کو فائنل کرنے میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے بنیادی کردار ادا کیا اور اس کے نتیجے میں محسن نقوی کے کہنے پر ذوالفقار حمید نئے انسپکٹر جنرل پولیس بنائے گئے۔اسی تناظر میں بانی پی ٹی آئی نے نہ صرف ٹویٹ میں بلکہ گزشتہ روز ہونے والی ایک ملاقات کے دوران بھی علی امین گنڈاپور کی سخت سرزنش بھی کی۔

ذرائع کے مطابق علی امین گنڈاپور نے عمران خان کے ساتھ گزشتہ روز ہونے والی ملاقات کے بعد وزیر داخلہ محسن نقوی سے ہنگامی طور پر رابطہ کرتے ہوئے ان سے نئے چیف سیکرٹری کی تعیناتی کی “ڈیل” یاد کراتے ہوئے ان کے ذریعے شہاب علی شاہ کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کروایا۔ اگر چہ یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ صوبائی سطح کی ملٹری اسٹبلشمنٹ کو صوبے کے مخصوص حالات کے تناظر میں اس تعیناتی پر بعض تحفظات کا سامنا تھا۔ اس ضمن میں صوبائی حکومت کے ترجمان بیرسٹر محمد علی سیف نے بھی جمعہ کے روز ایک نجی ٹی وی سے اپنی گفتگو میں اعتراف کیا کہ دونوں حکومتوں کے درمیان یہ طے پایا تھا کہ چیف سیکرٹری صوبائی حکومت اور انسپکٹر جنرل پولیس کو وفاقی حکومت کی مرضی کے مطابق تعینات کیا جائے گا۔یاد رہے کہ شہاب علی شاہ کو ماضی میں بعض ایشوز اور تنازعات کے باعث بلوچستان میں تعینات کیا گیا تھا جہاں وہ اپنی حالیہ تقرری تک ایڈیشنل چیف سیکرٹری کے عہدے پر فرائض سرانجام دیتے رہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے