فلپائن: نائب صدر سارہ ڈوٹرٹے کے مواخذے کی قرار داد منظور
فلپائن کے ایوان نمائندگان نے نائب صدر سارہ ڈوٹرٹے پر کرپشن کے الزامات کے بعد مواخذے کے حق میں ووٹ دے دیا۔نیوز کے مطابق ایوان نمائندگان کے 306 میں سے 215 ارکان نے مواخذے کے حق میں ووٹ دیا، جو بل کی منظوری کے لیے درکار ایک تہائی حد سے کہیں زیادہ ہے۔سابق صدر روڈریگو ڈوٹرٹے کی بیٹی، نائب صدر سارہ ڈوٹرٹے پر الزام ہے کہ انہوں نے عوامی فنڈز میں کروڑوں ڈالر کا غلط استعمال کیا، اور صدر فرڈینینڈ ’بونگ بونگ‘ مارکوس جونیئر کو قتل کرنے کی دھمکی دی۔انہوں نے الزامات سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سیاسی انتقام کا شکار ہیں۔
اس حیران کن اقدام کو بڑے پیمانے پر مارکوس کے ساتھ ڈوٹرٹے کے تلخ جھگڑے میں اضافے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس نے ملک کو مہینوں سے خطرے میں رکھا ہوا ہے۔اس بل کی سماعت اب 24 رکنی سینیٹ کرے گی، جس کا اجلاس مواخذے کی عدالت کے طور پر ہوگا۔جرم ثابت ہونے کی صورت میں سارہ ڈوٹرٹے کو عہدے سے ہٹا دیا جائے گا، اور نااہل بھی قرار دیا جا سکتا ہے اور وہ فلپائن کی تاریخ کی پہلے نائب صدر ہوں گہی، جن کا مواخذہ کیا جائے گا۔توقع ہے کہ وہ اس وقت تک اپنے عہدے پر برقرار رہیں گی جب تک کہ سینیٹ اپنا فیصلہ نہیں سنا دیتی۔