ایران کی فلسطینیوں کی نقل مکانی سے متعلق ٹرمپ کے منصوبے کی مذمت
ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غزہ سے فلسطینی شہریوں کی نقل مکانی کی تجویز کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری کو فلسطینیوں کی حق خودارادیت کے حصول میں مدد کرنی چاہیے۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے پیر کو ہفتہ وار پریس کانفرنس میں کہا کہ عالمی برادری کو ایسے منصوبے تجویز نہیں کرنے چاہئیں جو فلسطینیوں کی نسل کشی کے مترادف ہوں۔انہوں نے کہا کہ ٹرمپ کی تجویز غزہ کی پٹی اور پورے فلسطین کو مٹانے کے منصوبے کا ایک حصہ ہے۔ ترجمان نے کہا کہ کوئی تیسرا فریق فلسطینی علاقوں کے مستقبل کے بارے میں فیصلہ نہیں کرسکتا۔
خیال رہے کہ ہفتے کو مصر، اردن، سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات، فلسطینی اتھارٹی اور عرب لیگ نے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا تھا جس میں انہوں نے فلسطینیوں کی غزہ سے مصر اور اردن نقل مکانی سے متعلق امریکی صدر کی تجویز کو مسترد کیا تھا۔امریکا کے ساتھ مذاکرات سے متعلق بات کرتے ہوئے اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ ایران کو نئی امریکی انتظامیہ کی طرف سے مذاکرات کے حوالے سے کوئی اشارہ نہیں ملا۔انہوں نے کہا کہ جب مذاکرات کے لیے حالات سازگار ہوں اور جب ہم اس یقین پر پہنچ جائیں کہ ہم مذاکرات کے ذریعے اسلامی جمہوریہ ایران اور اس کی عوام کے مفادات کی حفاظت کرسکتے اور ان کے مفادات کی ضمانت دے سکتے ہیں تو ہم اس سمت میں بغیر کسی ہچکچاہٹ کے آگے بڑھیں گے۔