یونان: ریل حادثے کے متاثرین کے انصاف کے لیے احتجاجی مظاہرے
یونان میں دسیوں ہزار مظاہرین نے سن 2023 میں ملک کے سب سے ہلاکت خیز ریل حادثے کے 57 متاثرین کے لیے انصاف کا مطالبہ کیا۔یونان کے تقریبا 97 شہروں اور بیرون ملک بھی 13 مقامات پر اس حوالے سے مظاہرے ہوئے۔ یونان کے سب سے بڑے شہروں ایتھنز اور تھیسالونیکی میں ہونے والے ان مظاہروں میں بالترتیب تقریباً 30,000 اور 16,000 مظاہرین شامل تھے۔ریل حادثے کے ایک متاثرہ شخص کے والد پاؤلوس اسلانیڈیس نے میڈیا سے بات چیت میں کہا، "آج جو کچھ بھی ہو رہا ہے وہ شاندار ہے۔” بیرون ملک مظاہروں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ اب یہ ایک عالمی لڑائی ہے۔لندن، ایمسٹرڈیم، برلن، برسلز، کولون، ہیلسنکی، نکوسیا، رائے کیاوک اور مالٹا میں بھی اس تناظر میں مظاہرے کیے گئے۔ان کا کہنا تھا، "میرے بیٹے کی روح آج خوش ہو گی۔۔۔ مجھے یقین ہے کہ ہم جیت جائیں گے۔ ہم ریاست کو اپنے خلاف کھڑا پاتے ہیں، لیکن ہم جیتیں گے۔”
احتجاجی مظاہرے کے مناظر
یونان بھر میں ہونے والے بیشتر مظاہرے پرامن تھے، البتہ بعض واقعات میں لوگوں نے پولیس فورس پر پتھراؤ کیا اور پٹرول بموں سے حملہ کیا، جس کا حکام نے آنسو گیس اور فلیش بینگ گرینیڈ سے جواب دیا۔ تاہم اس طرح کے واقعات چند منٹ تک ہی جاری رہے۔نامہ نگار صوفیہ کلیفتاکی ایتھنز میں مظاہروں کے دوران وہیں موجود تھیں، جن کے مطابق اس طرح کی جھڑپوں میں ایک شخص زخمی بھی ہوا۔مظاہرے کی وجہ سے وسطی ایتھنز کا بیشتر حصہ بلاک ہو گیا۔ ریل حادثے میں الیاس پاپنگلیس کی 18 سالہ بیٹی ہلاک ہو گئی تھی، جنہوں نے مظاہرین کو بتایا، "سانحہ کے دو سال بعد بھی کسی کو سزا نہیں دی گئی، نہ ہی کوئی جیل میں ہے۔
ماریہ کرسٹیانو کی بیٹی بھی حادثے میں ہلاک ہو گئی تھیں، جنہوں نے اتوار کے روز پارلیمنٹ کی عمارت کے باہر مارچ کرنے والے ایتھنز کے مظاہرین کو بتایا اب تک، "یہ بالکل مافیا جیسا کور اپ آپریشن رہا ہے۔”مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور "میرے پاس آکسیجن نہیں ہے” کے نعرے لگا رہے تھے۔ یہ کرسٹیانو کی بیٹی کے آخری الفاظ تھے، جنہوں نے واقعے کی اطلاع دینے کے لیے ایمرجنسی نمبر پر کال کی تھی۔ ہجوم میں سے بہت سے لوگوں نے "قاتل” کے بھی نعرے لگائے۔بعض دیگر کے بینرز پر لکھا تھا: "ہم نہ بھولتے ہیں اور نہ ہم معاف کرتے ہیں” اور "انصاف، بھولنے والے نہیں ہیں۔” کچھ لوگوں نے حکومت پر الزام لگایا کہ ان کے ہاتھ خون سے رنگے ہوئے ہیں۔
ریل حادثہ کیا تھا؟
یونان میں ریل کا یہ حادثہ 28 فروری 2023 کو اس وقت پیش آیا تھا، جب ایک مسافر ٹرین ایک مال بردار ٹرین سے ٹکرا گئی، کیونکہ دونوں غلطی سے ایک ہی ٹریک پر تھیں۔اس حادثے کی وجوہات کے حوالے سے بہت سی افواہیں پھیلتی رہی ہیں۔متاثرین اور مظاہرین کے اہل خانہ کا خیال ہے کہ حکومت تمام الزام اسٹیشن ماسٹر پر ڈالنے کی کوشش کرنے کے ساتھ ہی ثبوتوں کو چھپا رہی ہے اور مبہم تحقیقات کر رہی ہے۔
بہت سے لوگوں کا یہ بھی خیال ہے کہ 57 میں سے 30 متاثرین ابتدائی تیز رفتار حادثے کے بعد بچ گئے تھے لیکن مال بردار ٹرین میں خطرناک کیمیکل کی وجہ سے لگنے والی آگ لگنے کے سبب وہ ہلاک ہو گئے۔متاثرین کے لواحقین کی طرف سے لیک کی گئی بعض رپورٹ سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ مال گاڑی میں دھماکہ خیز کیمیکل موجود تھا اور وہ بھی قانونی حد سے زیادہ۔متاثرہ افراد کے اہل خانہ اب بھی اس حادثے سے متعلق مقدمے کے آغاز کا انتظار کر رہے ہیں، جو معاملے کی طویل تفتیش، تکنیکی ماہرین کی رپورٹوں میں تاخیر اور گواہوں کی فہرست میں نئے اضافے کے سبب تاخیر کا شکار ہوتا رہا ہے۔