امریکہ کا اسرائیل اور مصر کے علاوہ تمام غیر ملکی امدادی پروگرام عارضی طور پر روکنے کا حکم

Donald-Trump-4.jpg

امریکہ نے اسرائیل اور مصر کے سوا تمام ملکوں کی امداد عارضی طور پر معطل کر دی ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کی ایک لیک شدہ اندرونی دستاویز(میمو) کے مطابق امریکہ نے تمام موجودہ غیر ملکی امداد کو معطل کر دیا ہے اورکسی بھی نئی امداد پر عملدرآمد کو بھی روک دیا ہے۔یہ میمو امریکی حکام اور بیرونِ ملک امریکی سفارتخانوں کو بھیجا گیا۔ اس دستاویز کے تحت صرف خوراک کی ہنگامی امداد اور اسرائیل اور مصر کے لیے فوجی امداد کو اس حکم سے استثنیٰ دیا گیا ہے۔

دستاویز کےمطابق ’اس دوران نہ کوئی نیا فنڈ جاری ہو گا اور نہ ہی موجودہ معاہدوں میں توسیع کی جائے گی جب تک کہ ہر نئے معاہدے یا توسیع کا جائزہ لے کر اس کی نئے سرے سے منظوری نہ دی جائے گی۔‘یہ معاملہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پیر کے روز جاری کردہ ایگزیکٹو آرڈر کے بعد سامنے آیا، جس میں انھوں نے 90 دن کے لیے غیر ملکی ترقیاتی امداد کو مؤخر کرنے کا حکم دیا تھا تاکہ اس کے مؤثر ہونے اور ان کی خارجہ پالیسی سے ہم آہنگی کا جائزہ لیا جا سکے۔یاد رہے کہ امریکہ بین الاقوامی امداد فراہم کرنے والا دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے جو سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2023 میں 68 ارب ڈالر خرچ کر چکا ہے۔

یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی ہے جب اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے بعد غزہ کی پٹی میں انسانی امداد کی ترسیل بڑھ گئی ہے اور دنیا بھر میں دیگر بھوک کے بحرانوں، بشمول سوڈان، میں بھی انسانی امداد جاری ہے۔محکمہ خارجہ کا یہ میمو ترقیاتی امداد سے لے کر فوجی امداد تک سب پر اثرانداز ہو گا۔احکامات میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکی حکام فوری طور پر متعلقہ معاہدوں کی شرائط کے مطابق کام روکنے کی ہدایات جاری کریں جب تک کہ اس سے متعلق کوئی حتمی فیصلہ نہ کیا جائے۔

اس میمو میں 85 دن کے اندر غیر ملکی امداد کے تمام پروگراموں کے وسیع پیمانے پر جائزے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ امداد صدر ٹرمپ کی خارجہ پالیسی کے اہداف کو پورا کرتی ہے۔اس سے قبل امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو کہہ چکے ہیں کہ بیرونِ ملک امریکی اخراجات اور امداد صرف اسی وقت کی جائے گی جب ان سے امریکہ کی مضبوطی، اسے محفوظ یا زیادہ خوشحال بنانا ثابت ہو سکے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے