واخان کوریڈور پر قبضے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں: پاکستان
سوشل میڈیا پر گذشتہ کئی روز سے واخان کی پٹی کو پاکستان میں ملانے کے حوالے سے جاری بحث پر دفتر خارجہ پاکستان نے بیان دیا ہے کہ ’واخان کوریڈور پر پاکستان کے قبضے میں کوئی صداقت نہیں۔ پاکستان افغانستان کی سالمیت کا احترام کرتا ہے اور ایسا کوئی ارادہ نہیں رکھتا۔‘انہوں نے مزید کہا کہ ’پاکستان تاجکستان کے ساتھ مل کر افغانستان کو مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔‘ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ’تاجکستان دوست ملک ہے اور پاکستانیوں کا وہاں جانا اور ان کا آنا معمول کی بات ہے۔‘جمعرات کے روز ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ہفتہ وار بریفنگ کی جس میں خارجی امور پر مختلف سوالات کے جوابات دیے۔
افغانستان کے ساتھ حالیہ سرحدی کشیدگی پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ’افغانستان کے ساتھ بنیادی مسئلہ وہاں دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ہیں۔ہم بہت سے مواقع پر افغان حکام کے ساتھ بات چیت کرتے رہتے ہیں اور بہت سی بات چیت میڈیا میں رپورٹ نہیں ہوتی۔شفقت علی خان نے کہا کہ ’دہشت گردی ایک پیچیدہ مسئلہ ہے، ٹی ٹی پی ایک سنجیدہ مسئلہ ہے، افغان بارڈر پر باڑ ہے مگر کوئی باڑ بھی سو فی صد محفوظ نہیں ہوتی۔افغان شہریوں کے خلاف پاکستانی حکومت کی کارروائیوں سے متعلق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ’پاکستان میں صرف افغان نہیں بلکہ کوئی بھی غیرملکی شہری قانونی تقاضے پورے کیے بغیر رہ رہا ہے تو اس کے خلاف ایکشن ہوتا ہے۔‘