پاکستان میں فائیو جی اسپکٹرم کی نیلامی، صارفین نیکسٹ جنریشن نیٹ ورک کے منتظر

15083405949236f.jpg

2025 میں انٹرنیٹ کے منظر نامے کو متاثر کرنے والے متعدد چیلنجز کو دیکھتے ہوئے، حکومت کو اس سال فائیو جی خدمات کو شروع کرنے کے اپنے وعدے کو پورا کرنے کے لیے بہت سی رکاوٹوں کو عبور کرنے کی ضرورت ہوگی۔ رپورٹ کے مطابق وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو یقین ہے کہ اپریل 2025 تک پاکستان میں فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی اور فائیو جی سروسز کا رول آؤٹ مکمل ہو جائے گا۔پی ٹی اے اور حکومت کے پاس پاکستان میں فائیو جی کے لیے اضافی اسپیکٹرم کے حوالے سے پرجوش منصوبے ہیں، جس میں لائسنس فیس کے حوالے سے نمایاں سرمایہ کاری کی توقعات وابستہ ہیں، اور پاکستان میں فائیو جی کے اجرا سے موجودہ حکومت کو سیاسی پیش رفت بھی ملے گی۔

پی ٹی اے نے حال ہی میں پاکستان میں موجود سب سے بڑی آئی ٹی کمپنی ’ہواوے‘ کے ساتھ فائیو جی سروسز سے متعلق اپنے عہدیداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں، ہواوے اپنے عالمی تجربے اور معلومات کو پی ٹی اے حکام کو تربیت دینے کے لیے استعمال کرے گا۔اسی طرح پی ٹی اے نے اپنی حالیہ 24-2023 کی رپورٹ میں نشاندہی کی ہے کہ 4 جی سمیت پچھلی جنریشنز کے برعکس، 5 جی فطری طور پر زیادہ توانائی کی بچت کرتا ہے، ایسی سائٹس کے ساتھ جو نمایاں طور پر کم طاقت کا استعمال کرتے ہوئے اتنی ہی مقدار میں ڈیٹا منتقل کرتی ہیں۔پی ٹی اے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تھری جی اور فور جی نیٹ ورکس کی ڈیٹا ٹرانسمیشن کی حدود نے پیشرفت کو روک دیا، لیکن فائیو جی کی انتہائی تیز رفتار کنکشن کی رفتار کے ساتھ امکانات اب لامحدود ہیں۔

تکنیکی طور پر ، 2 جی ٹیلی کام خدمات کے لیے 900 میگا ہرٹز اور ایک ہزار 800 میگا ہرٹز استعمال ہوتے ہیں، جن کی طویل رینج 50-70 کلومیٹر کے درمیان ہوتی ہے، 2 ہزار ایک سو میگاہرٹز فریکوئنسی بنیادی طور پر 3 جی کے لیے لاگو ہوتی ہے، لیکن 4 جی ٹیکنالوجی نے 2 ہزار 300 اور 2 ہزار 600 میگاہرٹز کی فریکوئنسی کے ساتھ ٹیلی کام کے منظر نامے پر قبضہ کرلیا۔فائیو جی سروس عام طور پر 2 ہزار 300، 2 ہزار 600، 3 ہزار 300 اور 3 ہزار 500 اور یہاں تک کہ 6 ہزار میگاہرٹز فریکوئنسیز پر کام کرتی ہے اور پاکستان، فائیو جی لانچ کے لیے اپنی فریکوئنسی 3 ہزار 300 میگا ہرٹز پر شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

محتاط امید

اس جوش و خروش کو دیگر اسٹیک ہولڈرز، بشمول بیک اینڈ سامان سپلائرز، موبائل فون مینوفیکچررز اور یہاں تک کہ گاہکوں کی طرف سے بھی شیئر کیا جاتا ہے، تاہم ٹیلی کام کمپنیاں، جو بنیادی اسٹیک ہولڈرز ہیں، اس منصوبے کے بارے میں شکوک و شبہات کا شکار ہیں۔ٹیلی کام آپریٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ٹی او اے) کی جانب سے مشترکہ مطالبات میں انہوں نے حکومت سے ٹیلی کام انڈسٹری کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کا مطالبہ کیا ہے۔ان مطالبات میں اسپیکٹرم کی قیمتوں کو ڈالر سے روپے میں منتقل کرنے سے لے کر مقامی مارکیٹ کے ساتھ ہم آہنگ کرنے، اسپیکٹرم کے حصول کو ممکن بنانے کے لیے ریزرو قیمتوں میں کمی، طویل المدتی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کے لیے لائسنس کی مدت کو بڑھا کر 20 سال کرنا، فائیو جی سے چلنے والے ہینڈ سیٹس کے لیے اقساط کے منصوبوں کو نافذ کرنا شامل ہیں۔

ان کا مطالبہ ہے کہ آپریشنل اخراجات کو کم کرنے اور نیٹ ورک کی توسیع کو تیز کرنے کے لیے رائٹ آف وے پالیسیوں کو ہموار کریں، زونگ کی کمپنی ٹی او اے کی رکن نہیں، لیکن کمپنی ان مطالبات کی توثیق کرتی ہے۔جاز کے ایک ایگزیکٹو کے مطابق فائیو جی ٹیکنالوجی لانچ کرنے سے قبل عالمی تجربے سے سیکھنا ضروری ہے اور انہوں نے اپنی بات واضح کرنے کے لیے 5 سال قبل جنوبی کوریا کے رول آؤٹ کا حوالہ دیا، ایگزیکٹیو نے کہا کہ 5 جی کی لانچ کے باوجود، جنوبی کوریا آہستہ آہستہ 5 جی موبائل پیکیج سے موبائل آپریٹر کی طرف سے فراہم کردہ 4 جی پیکیجز پر واپس آگیا۔ایک اور تشویش یوفون اور ٹیلی نار کا انضمام ہے جو مسابقتی کمیشن آف پاکستان میں زیر التوا ہے، ٹیلی نار کے ایک سینئر ایگزیکٹو نے کہا کہ 5 جی نیلامی کی کامیابی براہ راست انضمام کے فیصلے سے متاثر ہوگی، اس کے اثرات پوری سیلولر موبائل انڈسٹری پر بھی مرتب ہوں گے۔

ٹیکنالوجی کی مشکلات

ان خدشات کو ایک طرف رکھتے ہوئے، موبائل فون مینوفیکچررز 5 جی ورلڈ کی تیاری کر رہے ہیں، مقامی طور پر تیار کردہ 5 جی سے ہم آہنگ موبائل فونز پہلے ہی پاکستان میں دستیاب ہیں، تقریباً تمام مقامی مینوفیکچررز نے اپنی اسمبلی لائنوں کو اپ گریڈ کیا ہے اور وہ یا تو تیار کر رہے ہیں، یا کم از کم ایک 5 جی سے مطابقت رکھنے والے ماڈل کو متعارف کرانے کے عمل میں ہیں۔وی جی او ٹیل کے چیف ایگزیکٹیو افسر نوید گابا نے کہا کہ 5 جی سیٹ کی قیمت اسی اسکرین سائز کے 4 جی موبائل فون کے مقابلے میں زیادہ نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ تاہم ریٹیل ریٹ زیادہ ہوگا، کیونکہ مارکیٹ میں تمام نئی مصنوعات کی خریداری میں گھبراہٹ ہے اور جن لوگوں کے پاس بڑے شہروں میں سستی ہے، وہ اپنی سمز کے لیے 5 جی سیٹ اور 5 جی پیکج حاصل کرنے کے لیے دوڑیں گے۔

ٹیکنو موبائلز کے سی ای او عامر اللہ والا نے کہا کہ فائیو جی موبائل سیٹس کی کوئی کمی نہیں ہوگی، کیونکہ عالمی سطح پر فور جی موبائل فونز کو مرحلہ وار ختم کیا جارہا ہے، چینی کمپنیوں نے فور جی چپ سیٹ کی تیاری تقریباً بند کر دی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسمبلی لائن سے سیٹ کلیئر ہونے کے بعد ٹیسٹنگ آلات کے لیے تقریباً 25 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری درکار ہے۔جب فائیو جی رول آؤٹ کی خبریں شہ سرخیوں میں آ رہی تھیں، تو صارفین (بالخصوص بڑے شہروں کے رہائشی) بھی پرجوش تھے۔اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے زوار علی نے کہا کہ میں ذاتی طور پر ٹیلی کام کمپنی سے 5 جی موبائل سیٹ اور 5 جی [ڈیٹا] پیکیج حاصل کرنا چاہتا ہوں، جو بھی اسے پیش کرے گا۔

تاہم ہواوے، ایرکسن، نوکیا اور زیڈ ٹی ای سسکو سمیت بیک اینڈ سازوسامان فراہم کرنے والے ادارے مجوزہ لانچ کی روشنی میں اپنے مستقبل کے فروخت کے منصوبوں پر غور کر رہے ہیں، ان کے اپنے خدشات ہیں، جیسا کہ بنیادی طور پر حالیہ برسوں میں عائد درآمدی پابندیوں سے متعلق جب ملک کو غیر ملکی زرمبادلہ کے بحران کا سامنا تھا۔ٹیلی کام ٹاورز چلانے والی ایک کمپنی کے سینئر ایگزیکٹو نے کہا کہ 5 جی لائسنس حاصل کرنے کے بعد ٹیلی کام کمپنیوں کی جانب سے سیل سائٹس میں بڑی سرمایہ کاری ہوگی اور اس کا مطلب بیک اینڈ سازوسامان فراہم کرنے والوں کے ساتھ ساتھ متعلقہ صنعت کے لیے اہم کاروبار ہوگا، تاہم سپلائرز کو بنگلہ دیش میں حالیہ تجربے پر تشویش ہے، جہاں غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کی کمی کی وجہ سے فائیو جی رول آؤٹ پلان کو معطل کردیا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے